شدید مخالفت کے بعد چنئی میں ہونیوالا اسرائیل فلم فیسٹیول منسوخ

منگل 27 مئی 2025 16:57

چنئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) بھارت میں ادیبوں فن کاروں اورسیاسی رہنمائوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے غزہ میں جاری صیہونی جارحیت پر شدیداحتجاج کے بعد بھارت میں ہونے والااسرائیل فلم فیسٹیول2025 منسوخ کر دیاگیاہے۔جورواں ہفتے چنائی تمل ناڈو میں منعقد ہونا تھا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فلم فیسٹیول کی منسوخی کا فیصلہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران ہزاروں فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف بڑھتے ہوئے عالمی ردعمل کی وجہ سے کیاگیاہے۔

انڈو سائن ایپریسیشن فنڈ نے ایک بیان میں غیر متوقع اور ناگزیر حالات کی بنا پر فیسٹیول منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔فلم فیسٹیول تمل ناڈو کے گورنمنٹ میوزک کالج میں 29سے 31مئی کے دوران منعقد ہونا تھا۔

(جاری ہے)

تمل ناڈو پروگریسو رائٹرز اینڈ آرٹسٹ ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اس فلم فیسٹیول کی منسوخی کا مطالبہ کیاتھا۔

ایسوسی ایشن کاکہناتھاکہ یہ محض ایک فلم فیسٹیول نہیں بلکہ فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث صیہونی حکومت کی توثیق کاعلامتی عمل ہو گا۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی کانتھ سینتھل نے بھی اسرائیل فلم فیسٹیول کے انعقاد کی شدید مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ غزہ میں نہتے فلسطینیوںکا مسلسل قتل عام جاری ہے اور اس دوران تمل ناڈو میں اسرائیل فلم فیسٹیول کے انعقاد کو بے حسی کے طورپر دیکھا جائے گا۔