Live Updates

پاکستان کے 28مئی 1998 کے ایٹمی دھماکوں سے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن برابر ہوا، صدر آزاد کشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری

منگل 27 مئی 2025 18:24

مظفرآباد آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے 28مئی 1998 کے ایٹمی دھماکوں سے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن برابر ہوا۔یوم تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغا م میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے 28مئی 1998ء کے ایٹمی دھماکوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان طاقت کا توازن برابر ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا جو کہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان اس سے قبل بھی مسئلہ کشمیر پر تین جنگیں ہو چکی ہیں جو کہ غیر روایتی تھیں لیکن اگر خدانخواستہ اب جنگ ہوتی ہے تو یہ ایک ایٹمی جنگ ہو گی جو کہ نہ صرف پورے خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ حل طلب مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور اس سلسلے میں مسئلہ کشمیر کے جامع اور پائیدار حل کے لئے ضروری ہے کہ کشمیری عوام کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا مستقل حل نکل سکے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہی ہیں لہذا عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات