Live Updates

کل جماعتی حریت کانفرنس کاغیر قانونی نظربندوں کی رہائی کامطالبہ

منگل 27 مئی 2025 22:53

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میں حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی طویل عرصے سے مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدیدمذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کی کہ وہ نظربند سیاسی رہنمائوں اور ہزاروں دیگر کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت بھارتی تسلط سے جموں و کشمیرکی آزادی کیلئے جدوجہد کرنے پر کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اورانسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیمیں مقبوضہ علاقے بھیجیں۔

(جاری ہے)

ادھر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت فرقہ پرست قابض انتظامیہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے درجنوں کشمیری سیاسی قیدیوں کوسینکڑوں میل دور بھارت کی جیلوں میں منتقل کر دیا ہے۔

ان سیاسی نظربندوں میں شامل بیشتر حریت کارکنوں کوہریانہ اور اتر پردیش کی جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی سمیت سینکڑوں کشمیری پہلے ہی نئی دہلی کی تہاڑ جیل سمیت متعددبھارتی جیلوںمیں نظر بند ہیں۔ دریں اثنا ء بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور چھاپوں کا سلسلہ تیز کردیاہے ۔

قابض فورسز کے اہلکار گھر گھر تلاشی کے دوران کشمیریوں کوہراساں اور گرفتارکررہے ہیں ،جس سے مقبوضہ علاقے میں خو ف و دہشت کا ماحول پیداہو گیاہے ۔ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء کے خطے میں پائیدار امن کے لیے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا اہم کردار ادا کرے۔ ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل شروع کرنے پر زور دیا جس میں کشمیریوں کی حقیقی قیادت کو بطور فریق شامل کیاجائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات