Live Updates

یوم تکبیر پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کیلئے فخر کا دن ہے، اس دن پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا تھا، مقررین

منگل 27 مئی 2025 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) یوم تکبیر ہماری قومی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، اس دن پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا تھا،یہ دن پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کیلئے یومِ فخر ہے،آج پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ محمد نوازشریف نے ہر قسم کے عالمی دبائو، دھمکیوں اور ترغیبات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا یا۔

قومی حمیت اور خودداری کا جو مظاہرہ ہم نے 28مئی 1998ء کو کیا تھا 10 مئی 2025ء کو اسے ایک بار پھر دہرا دیا ، پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کو ایسا دندان شکن جواب دیا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے 27سال مکمل ہونے پر '' یوم تکبیر'' کی خصوصی تقریب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کا اہتمام ادارۂ نظریۂ پاکستان نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا۔ اس تقریب کی صدارت سینئر وائس چیئرمین ادارۂ نظریۂ پاکستان میاں فاروق الطاف نے کی۔ پروگرام کے آغاز پر قاری محمد دائود نقشبندی نے تلاوت ، حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے نعت جبکہ محمد انس نے ملی نغمہ پیش کیا۔ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ نواز شریف نے ہمت و جرأت کا مظاہرہ کیا اور پاکستان ان کے دور حکومت میں ایٹمی قوت بن گیا۔

قوم کے اندر وہی حمیت، جذبہ ،ولولہ اور خواہشیں پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو قیام پاکستان کے وقت اس قوم میں موجود تھیں۔ مشاہیر تحریک پاکستان نے آزاد وطن کے حصول کیلئے اپنا تن من دھن قربان کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہمارے سب سے بڑے محسن ہیں انہوں نے اپنی خدمات حکومتِ پاکستان کو پیش کیں میں ۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے یہ سارا جنگی پلان مرتب کیا ۔

سینئر مسلم لیگی رہنما و جنرل سیکرٹری موتمر عالم اسلامی راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے پر امت مسلمہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پاکستان ایک ایسے خطہ میں واقع ہے جس کے اردگرد واقع ممالک ایٹمی قوت ہیں۔ روس اور چین کے ساتھ ہماری کوئی دشمنی نہیں جبکہ بھارت ہمارا دشمن ہے۔ بھارت نے 11مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے کیے تو ان کے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے تلوار لہرا کر کہا پاکستان اب کشمیر کی بات کرے۔

ان کا خیال تھا ہم ایٹمی قوت ہیں جبکہ پاکستان کے پاس ایٹمی طاقت نہیں ہے لہٰذا دونوں کا کوئی مقابلہ نہیں ہو سکتا ۔28 مئی 1998ء کو پاکستان ایٹمی قوت بن گیا۔ ایٹمی طاقت کی موجودگی میں اب کوئی ملک پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا ہے۔وائس چیئرمین ادارۂ نظریۂ پاکستان مشاہد حسین سید نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری دن ہے۔

اس دن پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے اپنا دفاع ناقابل تسخیر بنا لیا اب کسی کی جرأت نہیں کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے ۔بھارت کے خلاف حالیہ جارحیت کا پاکستان نے جس انداز میں جواب دیا اس میں نیوکلیئر فیکٹر بہت اہم تھا۔ صدر ایکس مین سوسائٹی جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں پاکستان نے ایٹمی پروگرام کا آغاز کیا اور تمام تر مشکلات کے باوجود یہ پروگرام جاری رہا اور 28مئی ء کو پاکستان ایٹمی قوت بن گیا ۔

صحافی و دانشور سلمان غنی نے کہا کہ یوم تکبیر دراصل یوم عزم ہے، اس بات کا عزم کرنا ہے کہ پاکستان کی بقاوسلامتی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور ہم پاکستان کیلئے ہر طرح کی جانی اور مالی قربانیاں دیں گے۔ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ یوم تکبیر ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے ۔ حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کی افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔

کشمیری رہنما سید نصیب اللہ گردیزی نے کہا آج ایک تاریخی دن ہے، آج کے دن پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنا ۔ سرپرست نظریۂ پاکستان فورم سیالکوٹ محمد آصف بھلی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم اکثر سنا کرتے تھے کہ ایٹمی طاقت نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ۔ حالیہ پاک بھارت جنگ نے اس بات کو ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع واقعی ناقابل تسخیر ہے ۔

غزالہ شاہین وائیں نے کہا کہ 28 مئی فخر کا دن ہے۔ ناہید عمران گل نے کہا کہ ادارۂ نظریۂ پاکستان عوام الناس بالخصوص نسلِ نو کو وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کی خاطر تیار کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ محمد سیف اللہ چوہدری نے کہا کہ آج کے دن دنیا کی تاریخ میں پہلی بار کسی اسلامی ملک کو ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات