Live Updates

چیئرمین وزیر اعلی پنجاب ٹاسک فورس فار ایجوکیشن مزمل محمود کی لندن میں جاری ایجوکیشن ورلڈ کانفرنس میں شرکت

منگل 27 مئی 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے ایڈوائزر اور چیئرمین وزیر اعلی پنجاب ٹاسک فورس فار ایجوکیشن مزمل محمود نے لندن میں جاری ایجوکیشن ورلڈ کانفرنس میں وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی نمائندگی کی جبکہ سیکرٹری ایجوکیشن خالد نذیر وٹو اور پارلیمانی سیکرٹری ایجوکیشن نوشین عدنان بھی حکومت پنجاب کی جانب سے ایجوکیشن ورلڈ فورم کا حصہ تھے۔

وزیر تعلیم کی نمائندگی کرتے ہوئے مزمل محمود نے فورم میں شریک 160ممالک کے وزرائے تعلیم اور ماہرین تعلیم کو پنجاب میں ہونے والی تعلیمی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا اور تعلیم کے حوالے سے پنجاب حکومت کی ترجیحات بالخصوص سکول میل پروگرام، نان پرفارمنگ سکولوں کی آرٹ سورسنگ، پرائمری اور ہائی کلاسز میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے آغاز، آرٹ آف سکول بچوں کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی و اقدامات، تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی اور 5سالہ تعلیمی سیکٹر پلان سمیت دیگر اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ 4سے 6ماہ میں پنجاب کے تمام پبلک سکولوں میں پانی، بجلی، فرنیچر، بیت الخلا، باونڈری والز اور 35000نئے کمروں کی تعمیر سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی پر کام مکمل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان مقاصد کیلئے بجٹ کا کثیر حصہ تعلیم کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ خالد نذیر وٹو، مزمل محمود اور نوشین عدنان پر مشتمل پاکستانی تعلیمی وفد نے ایجوکیشن ورلڈ فورم کے دوران یونیسیف کے حکام سے بھی ملاقات کی اور پاکستان میں تعلیم کے میدان میں معاونت پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں یونیسیف کے تعاون سے کئے جانے والے تعلیمی اقدامات میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات