افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت پرمنہ توڑ جواب دیکر قوم کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں،ڈاکٹر عشرت العباد

پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا تاہم وہ دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،سابق گورنر سندھ پاک افواج اور عوام کے درمیاں دوریاں پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، تقریب سے خطاب

منگل 27 مئی 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء) سابق گورنر سندھ اورمیری پہچان پاکستان پارٹی کے روح رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت پرمنہ توڑ جواب دیکر قوم کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیںاور بھارت کے سارے منصوبے کو مٹی میں ملا دیا ہے، پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا تاہم وہ دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور پاکستانی کی بری، بحری اور فضائیہ کے سربراہوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہماری شناخت ہماری پہچان پاکستان کو پوری قوم کا نعرہ بنائینگے،پاک افواج اور عوام کے درمیاں دوریاں پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں افواج پاکستان کیساتھ ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہونے والی تقریب سے ویڈیو لنک خطاب کے دوران کیا، ڈاکٹر عشرت العباد خان کا مزید کہنا تھا کہ آج کا دن اس لحاط سے بھی تاریخی ہے کہ ایک طرف ہم اپنے ازلی دشمن بھارت کیخلاف فتح کا جشن منا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف یوم تکبیر بھی ہے جس دن اللہ تعالی نے پاکستان کو مسلم امہ کی پہلی ایٹمی قوت ہونے کا اعزاز بخشا تھا،بھارتی جارحیت کے بعد پاکستانی میڈیا اور آئی ایس پی آر کا کردار مثالی اور اہم تھا، اتحاد ہماری قوت ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستانی قوم کو چاہیئے کہ وہ پاکستان کی مضبولی اور استحکام کیلئے نظریہ پاکستان کیساتھ آپس میں جڑے رہیںاور اتحادکو قائم رکھیں،انہوں نے ریاست کو سیاست سے اہم اور مقدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست ہو گی ہم ہونگے اور سیاست ہوگی لہذا دشمن کے پروپیگنڈے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی خدمت کا سفر آئندہ بھی جاری و ساری رہے گا، تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر واجد مغل نے سرانجام دیئے جبکہ تقریب سے دوسروں کے علاوہ علی سید ، صائمہ نور، پیر بسم اللہ شریف، پاسٹر افضل بھٹی، ڈاکٹر سرفراز رابرٹ، مجیب الرحمان کیانی ایڈووکیٹ، شیخ اعجاز علی نے بھی خطاب کیا۔