یوم تکبیر 28 مئی پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا خصوصی پیغام

بدھ 28 مئی 2025 09:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 28 مئی یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن پاکستان دنیا میں پہلی اسلامی نیوکلئیر ریاست کے طور پر سامنے آیا۔ آج کا دن پاکستانی قوم کے لیے فخر، عزم اور خودداری کا استعارہ بن چکا ہے۔ یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے دشمن کے ایٹمی غرور کا منہ توڑ جواب دیا اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر ثابت کیا کہ ہم اپنے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر صرف ایٹمی دھماکوں کی یاد نہیں، بلکہ یہ ہمارے اس تاریخی سفر کی کامیابی ہے جو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ''ہم گھاس کھا لیں گے لیکن ایٹم بم بنائیں گے'' کے عزم سے شروع کیا، اور جسے 1998 میں عالمی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب قومیں خواب دیکھتی ہیں، قربانی دیتی ہیں اور اتحاد کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں تو پھر وہ ناقابلِ تسخیر بن جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر یہ پیغام دیتا ہے کہ پاکستان دنیا اور خطہ میں امن،ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ضرور ہے لیکن اپنی خودمختاری اور قومی وقار پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور اس کا عملی ثبوت ہم نے ابھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب د یکردے دیا جو ہمارے دفاع کی ایک معمولی سی جھلک تھی اور دشمن کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ معرکہ حق کو کبھی مت بھولنا۔ آئیے، آج کے دن ہم اپنے عظیم سائنسدانوں، محبِ وطن قیادت، افواجِ پاکستان اور ہر اُس فرد کو خراجِ تحسین پیش کریں جنہوں نے ہمیں ایک مضبوط، باوقار اور ایٹمی پاکستان دیا۔ یومِ تکبیر صرف ایک دن نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے۔