پاکستان دنیا میں مضبوط ایٹمی طاقت بن کر ابھرا ہے ،سید ایم صدیق حسن

بدھ 28 مئی 2025 17:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) اسلام آباد سٹیزنز کمیٹی (آئی سی سی) کے صدر سید ایم صدیق حسن کی صدارت میں یوم تکبیر کی مناسبت سے بدھ کو یہاں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر آئی سی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے ایک قرارداد منظور کی، جس میں مادر وطن کے دفاع میں قوم اور ملک کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے اپنا پہلا جوہری تجربہ بھارت کے جوہری تجربات کے جواب میں کیا تھا۔یہ تجربات بلوچستان میں چاغی کی پہاڑیوں پر کیے گئے جو کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں ایک اہم سنگ میل ہے۔یہ ایٹمی پروگرام کئی دہائیوں کی تحقیق کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان (محسن پاکستان) کی قابل رہنمائی اور نگرانی میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی نے کہا ہے کہ اس تاریخی دن پر قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے اظہار تشکر کرتی ہے کہ انہوں نے پاکستان کو کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف ناقابل تسخیر بنایا۔

کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ ان تجربات نے بھارت کے ساتھ اپنی سٹریٹجک برابری کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کو ظاہر کیا اور خطے کی سلامتی میں ایک اہم پیشرفت کی نشاندہی کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ایک مضبوط ایٹمی طاقت بن کر ابھرا ہے اور عزت و وقار کے ساتھ اقوام عالم میں رہنے کے قابل ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے قومی ہیروز کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔