Live Updates

ایک خودمختار قوم ہیں، جو اپنے دفاع اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی،احسن اقبال

بدھ 28 مئی 2025 21:07

ایک خودمختار قوم ہیں، جو اپنے دفاع اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں ..
اسلام آباد آ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے یوم تکبیر کے موقع پر کہا ہے کہ 28 مئی 1998 وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان نے قائد محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ایٹمی دھماکے کر کے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ہم ایک خودمختار قوم ہیں، جو اپنے دفاع اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

یہ کارنامہ صرف ایک حکومت کا نہیں بلکہ پوری قوم کے جذبہ ایمانی، اتحاد اور دشمن کے مقابلے میں عزم مصمم کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن جانے کا نتیجہ تھا، جس نے پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔انہوں نے کہا کہ آج 2025 میں، ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے۔

(جاری ہے)

مسلم ن لیگ ن کے قائد نواز شریف ہی کی سربراہی میں قائم حکومت نے 2015 میں انتہائی سیاسی تناؤ کے ماحول میں تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو اعتماد میں لے کر سی پیک پر اتفاق رائے پیدا کیا، اور پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر ڈالا۔ آج سی پیک پوری قوم اور چاروں صوبوں کے لئیے ترقی کا استعارہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اتفاق سے مئی 1999 میں ایٹمی قوت بننے کے 26 سال بعد اسی ماہ مئی میں بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاکستان نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم نہ صرف دفاعی طور پر مضبوط ہیں بلکہ سیاسی قیادت اور قومی ادارے مکمل یکجہتی کے ساتھ ملک کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

ہم نے دشمن کی فضائیہ کو پسپا کر کے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر دفاع سے غافل نہیں۔ آج الحمدللہ دفاع کے شعبے میں پاکستان جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں سے آراستہ ایک بڑی دفاعی طاقت بن کر عالمی افق پر ایک ذمہ دار طاقت کے طور پر ابھرا ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم دفاعی لحاظ سے مضبوط پاکستان کو معاشی لحاظ سے بھی ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے من حیث القوم متحد ہو جائیں۔

آج ایٹمی دھماکوں کے دن ہمیں معاشی دھماکہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔ "اٴْڑان پاکستان" ہمارا وہ قومی وڑن ہے جس کے ذریعے ہم ملک کو ایک ترقی یافتہ، خود انحصار اور جدید معیشت میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اٴْڑان پاکستان کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ ہم سیاسی عدم استحکام کی ہر سازش کو ناکام بنائیں، پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنائیں، اور ہر شعبے میں اصلاحات اور خود احتسابی کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد، قیادت پر اعتماد اور ترقی پر یقین کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔۔۔۔ اعجاز خان
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات