Live Updates

دباؤ اور دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے نواز شریف نے ثابت کیا کہ ملکی سالمیت اور دفاع سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں‘طاہرہ اورنگزیب

بدھ 28 مئی 2025 22:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2025ء) رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 کو مسلم لیگ ن کے قائد اور اس وقت کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع اور سالمیت کو خدا کے فضل و کرم سے ہمیشہ کیلئے ناقابل تسخیر بنا دیا ہے اور آج پوری پاکستانی قوم قائد مسلم لیگ محمد نواز شریف اور افواج پاکستان کی جرآت مندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یہ عزم کرتی ہے کہ کسی بھی ہندوستانی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور اس کو ویسی ہی عبرت ناک شکست دی جائے گی جیسی آپریشن'' بنیان مرصوص'' اور معرکہء حق کے دوران افواج پاکستان کے شہیدوں غازیوں اور عوام نے متحد ہو کر دی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں یوم تکبیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، کمشنر راولپنڈی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی،وائس چانسلر فاطمہ جناح یونیورسٹی، سرکاری افسران، مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے نمایاں شخصیات اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت کے تمام غیر ملکی دباؤ اور دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے یہ ثابت کر دیا کہ ملکی سالمیت اور دفاع سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں اور ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے پاکستان کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کا بھرپور حق رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوجی طاقت اور مضبوط معیشت پر گھمنڈ میں مبتلا ہو کر مودی نے رات کے اندھیرے میں ہمارے ملک پر جو بزدلانہ حملہ کیا اس کو فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر اور ائیر و نیول ھ*چیفس اور پاکستان آرمی،ایئر فورس اور نیوی کے افسران اور جوانوں نے پسپا کر کے جرآت اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے جس نے خاص طور پر ہماری نوجوان نسل کو ملک سے محبت اور اس کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا بھولا ہوا سبق یاد کرا دیا ہے جس کو اب ہم نے ہمیشہ اسی قومی جذبے اور جوش و خروش سے بیدار رکھنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر مقررین نے یوم تکبیر کو ملکی سالمیت اور دفاع کی تاریخ میں سنہرا کارنامہ قرار دیتے ہوئے قائد مسلم لیگ اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جن کی دانشمندانہ اور مدبرانہ قیادت کی بدولت آج پاکستان پہلے سے مضبوط،مستحکم اور محفوظ ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے لیکن اگر اس کا ازلی دشمن دوبارہ کوئی جارحیت کریگا تو انشاء اللہ اس کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جو اسکی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی اس موقع پر طلبا و طالبات نے بھی ملی نغموں اور تقاریر کے ذریعے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار اور یوم تکبیر کے قائدین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات