اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار،بالائی خیبرپختونخوا ، شمال مشرقی/جنوبی پنجاب،کشمیر ، گلگت بلتستان میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

بدھ 28 مئی 2025 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار،بالائی خیبرپختونخوا ، شمال مشرقی/جنوبی پنجاب،کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش/ژالہ باری بھی متوقع ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہاتاہم بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر ، گلگت بلتستان ، شمال مشرقی بلوچستان اور حید ر آباد میں کہیں کہیں آندھی/جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ بارش گڑھی دوپٹہ میں 17، مظفرآباد (ایئرپورٹ 16، سٹی 14)، راولاکوٹ 6، کوٹلی 3، کاکول 16، دیر (بالائی 14)، پشاور (ایئرپورٹ 4، سٹی ایک)، باچا خان ایئرپورٹ ،پٹن،دروش2، مری14،اسلام آباد (ایئرپورٹ8)، چکوال، ڈی جی خان 3، اٹک ایک، بار کھان 5، چلاس، گوپس 2، استور اور حیدرآباد (ایئرپورٹ) میں بھی ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بدھ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق جیکب آباد،تربت،سبی میں درجہ حرارت 47،بھکر،لسبیلہ،حیدر آباد،شہید بینظیر آباد اور موہنجوداڑو میں 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔