Live Updates

دوشنبہ میں ’’گلیشیرز کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس‘‘ 29 سے 31 مئی 2025 کو ہو گی

جمعرات 29 مئی 2025 01:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) گلیشیرز کے تحفظ کے لیے تیسری اعلی سطحی بین الاقوامی کانفرنس 29 سے 31 مئی 2025 کو دوشنبہ (تاجکستان) میں ہوگی۔ یہ کانفرنس عالمی برادری کو گلیشیرز کے تحفظ کے لیے پائیدار اقدامات کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گی۔ کانفرنس کے افتتاح کے بعد، پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی تاجکستان کی قیادت کی خصوصی دعوت پر کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ، دنیا کے کئی دیگر ممالک کے رہنما بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے ۔ کانفرنس کا ابتدائی دن 29 مئی 2025 کو مختلف تقریبات ہوں گی جن میں فورمز، ضمنی تقریبات اور ’’گلیشیر فیسٹیول‘‘ کے نام سے ایک ثقافتی پروگرام منعقد ہوگا۔ یہ تقریبات دن اور رات کے مختلف اوقات میں دوشنبہ کے مختلف مقامات پر ہوں گی، جو کانفرنس کے باقاعدہ افتتاح سے پہلے شرکاء کے درمیان مکالمے، معلومات کے تبادلے اور مشغولیت کے لیے متنوع مواقع فراہم کریں گی۔

(جاری ہے)

29 مئی 2025 کو کانفرنس کے باقاعدہ آغاز سے قبل آٹھ پری کانفرنس فورمز کا اہتمام کیا جائے گا۔دریں اثناء پاکستان میں تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئیر نے دوشنبہ میں’’ اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ گلیشیرز کے تحفظ کے لیے وقف تیسری اعلی سطحی بین الاقوامی کانفرنس 29 سے 31 مئی 2025 کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں منعقد ہوگی۔ تاجکستان کی سرزمین پر دس ہزار سے زائد پہاڑی گلیشیرز موجود ہیں، جن میں سب سے بڑا ’’وانچ یاکھ (فیڈچینکو) گلیشیر‘‘ ہے۔

تاجک سفیر نے کہا کہ تاجکستان دنیا میں گلیشیرز اور صاف پانی کا گھر ہے۔ گلیشیرز کا پگھلنا اور موسمیاتی تبدیلی دنیا کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہے، اور تاجکستان میں گلیشیرز کے تحفظ پر کانفرنس موسمیاتی تبدیلی اور پانی کے تحفظ کے سب سے بڑے چیلنج کو حل کرنے کے لیے دنیا کو ایک روڈ میپ فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ تاجک سفیر نے کہا کہ تاجکستان کی اس پہل کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے، اور پاکستان اس اقدام کے تحت فعال طور پر شرکت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی تاجکستان کی اعلیٰ قیادت کی خصوصی دعوت پر کانفرنس میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تین روزہ دوشنبہ بین الاقوامی گلیشیر تحفظ کانفرنس ماحول اور پانی کے عالمی تحفظ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ سفیر نے کہا کہ تاجکستان، اپنی شاندار تاریخ، منفرد ثقافت، قدیم رسوم و رواج اور طویل دریاؤں، جھیلوں اورشفابخش چشموں کے ساتھ دلکش فطرت کی وجہ سے دنیا کے قدیم ترین ممالک میں سے ایک ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات