ٹنڈو آدم میں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام یومِ تکبیر کی تقریب، کیک کاٹا گیا

جمعرات 29 مئی 2025 11:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) 28 مئی یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنما رئیس انور خان مری اور سینیئر نائب صدر یوتھ ونگ ڈویژن نواب شاہ محمد نعمان آرائیں کی زیر صدارت مری ہاؤس ٹنڈوآدم میں ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ایٹمی دھماکوں کی 27ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور قائدین نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے پر میاں نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور افواجِ پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں کارکنان نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘، ’’نواز شریف زندہ باد‘‘، ’’شہباز شریف زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ 28 مئی 1998ء پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری دن ہے جب اس وقت کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے ایٹمی دھماکے کر کے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ضلع سانگھڑ کے سینیئر نائب صدر محمد حسین آرائیں، ڈویژنل جوائنٹ سیکرٹری نواب شاہ اسحاق قریشی، لیڈیز ونگ کی رہنما میڈم حنیفاں خانم، صدر لیڈیز ونگ ضلع سانگھڑ میڈم پروین راجپوت، جنرل سیکریٹری میڈم ناہید چنہ، تعلقہ صدر طارق محمود آرائیں، جنرل سیکریٹری قربان علی، یوتھ ونگ تعلقہ صدر آصف مغل، سوشل میڈیا انچارج ضلع سانگھڑ رانا عبدالستار، سوشل میڈیا انچارج ٹنڈو آدم سنی ملک سمیت بڑی تعداد میں پارٹی عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔