آج شام یا رات تک ملک کے بیشترعلاقوں میں آندھی اور جکڑ کے ساتھ طوفانی بارش کی پیشگوئی

صوبہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 مئی 2025 13:41

آج شام یا رات تک ملک کے بیشترعلاقوں میں آندھی اور جکڑ کے ساتھ طوفانی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی 2025ء ) ملک کے بیشترعلاقوں میں آندھی اور جکڑ کے ساتھ طوفانی بارش کی پیشگوئی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی اورجکڑ کے ساتھ طوفانی بارش کی پیشگوئی کی ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں شام یا رات میں آندھی اورجھکڑ کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اورژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، چکوال، جہلم، میانوالی ، خوشاب، بھکر، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، لاہور، اوکاڑہ، فیصل آباد، جھنگ میں بھی بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، بہاولپور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، اسی طرح مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، چترال، سوات، ملاکنڈ، بونیر، پشاور، صوابی، مردان، کوہاٹ، کرک میں بھی بارش کا امکان ہے، تاہم سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جہاں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر خیبرپختونخواہ میں گزشتہ روز آندھی اور طوفانی بارش کے باعث صوابی اور نوشہرہ میں مختلف واقعات کے دوران 2 افراد جاں بحق اور 63 زخمی ہوگئے، صوبے کے مختلف اضلاع میں چھتیں، دیواریں، سائن بورڈز، درخت اور کھمبے گرنے کے واقعات پیش آئے، سڑکیں تالاب بنی رہیں جب کہ بجلی کے 113 فیڈرز ٹرپ کر گئے، بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، موسلادھار بارش اور ڑالہ باری سے فصلوں اور پھل دار باغات بری طرح متاثر ہوئے، حیات آباد پشاور میں گھروں پر لگے سولر پینلز اکھڑ گئے، حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کی فائبر شیٹ کی لگی چھت لوہے کے فریم سمیت زمین بوس ہوگئی۔