Live Updates

مقبوضہ کشمیر،محاصرے تلاشی کی کارروائیوں ، بلا جواز گرفتاریوں کا سلسلہ جاری

جمعرات 29 مئی 2025 20:29

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز اہلکاروں کے ہاتھوں شوپیاں میں عصمت دری اور قتل کا نشانہ بننے والی دو خواتین آسیہ اور نیلوفرکے اہلخانہ16 سال گزرجانے کے باوجود انصاف سے محروم ہیں۔ وردی میں ملبوس اہلکاروں نے آسیہ اور نیلوفر کو مئی2009میں اغوا کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھا۔

ان کی لاشیں بعد ازاں ایک ندی سے برآمد ہوئی تھیں۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ شوپیاں عصمت دری اور قتل کا واقعہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی سفاکیت کی ایک واضح مثال ہے ۔رپورٹ میں افسوس کا اظہارکیاگیا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے خواتین کی آبروریزی کو ایک جنگی ہتھیار کے طو ر پر استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں 1990کے بعد سے بھارتی فوجیوں کی طرف سے خواتین کی بے حرمتی کے 11ہزار267 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے میںگھنائونے جرائم پربھارت کے خلاف کارروائی کرے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں ایک بیان میں آسیہ اور نیلوفر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس سانحہ کو جموں و کشمیر کے عوام کے لیے انتہائی تکلیف دہ قراردیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 37 سالوں کے دوران ایسے بیسیوں واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں 1991کا کنن پوشپورہ اجتماعی آبرویری کا المناک واقعہ بھی شامل ہے ۔ ترجمان نے ایسے تمام واقعات کی اقوام متحدہ کے جنگی جرائم کے ٹریبونل سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا ء بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ضلع شوپیاں میں عرفان بشیر اور عزیر سلام نامی دو نوجوان گرفتار کر لیے ہیں۔

تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں اور بلا جواز گرفتاریاں آزادی پسند کشمیریوں کو خوف و دہشت کا شکار کرنے کے مذموم بھارتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ادھر دہلی ہائی کورٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو2017 سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں جھوٹے مقدمات میں نظر بند ہیں۔شبیر احمد شاہ نے بھارتی تحقیقاتی ادارے ’’ این آئی اے‘‘ کی خصوصی عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد کیے جانے کے بعدہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات