Live Updates

آزاد کشمیر میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین استعمال ہوئی: آئی جی آزاد کشمیر

گزشتہ روز دہشتگردوں کی موجودگی اطلاع پر پولیس نے حسین کوٹ میں کارروائی کی جس میں 4 دہشتگرد مارے گئے،رانا عبدالجبار

جمعرات 29 مئی 2025 22:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)آئی جی آزاد کشمیر رانا عبدالجبار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہوئی۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پولیس آزاد کشمیر نے کہا کہ گزشتہ روز دہشتگردوں کی موجودگی اطلاع پر پولیس نے حسین کوٹ میں کارروائی کی جس دوران دہشتگردوں نے پولیس پر دستی بم اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

(جاری ہے)

آئی جی رانا عبدالجبار نے بتایا کہ مقابلے میں فتنہ الخوارج کے مقامی سربراہ زرنوش سمیت 4 دہشتگرد مارے گئے جب کہ مقابلے میں پولیس کے 2 جوان شہید اور 5 زخمی ہوئے۔آئی جی پولیس نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے شہید اہل کاروں کے ورثا کیلئے فی کس ایک کروڑ روپے ، زخمی اہلکاروں کو 20، 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ آئی جی رانا عبدالجبار نے بتایا کہ دہشتگرد زرنوش آزاد کشمیر میں خوارج کا ٹھکانہ بنارہا تھا، افغانستان فرار ہونے والے دہشتگرد ڈاکٹرعبدالرؤف اورغازی شہزاد دشمن ملک کی پراکسیز بنے ہوئے ہیں، آزاد کشمیر میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین استعمال ہوئی، حکومت پاکستان کے ذریعے افغانستان کی حکومت کو شواہد مہیا کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات