Live Updates

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے انکم ٹیکس (دوسری ترمیم) بل 2025 کی منظوری دیدی

جمعرات 29 مئی 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ ومحصولات نے انکم ٹیکس (دوسری ترمیم) بل 2025 کی منظوری دیدی ہے۔قائمہ کمیٹی کااجلاس جمعرات کویہاں چیئرمین کمیٹی سینیٹرسلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز نے تجویز دی کہ ریفنڈ یا ایڈجسٹمنٹ کے عمل کو تیز کیا جائے۔

چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو تفصیلی رپورٹ جس میں متاثرہ اساتذہ کی نشاندہی اور ان کے ریفنڈ کی موجودہ حیثیت واضح ہوں، پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے زور دیا کہ کٹوتی شدہ رقوم کی واپسی نہ ہونا قانون کے مقصد کو سبوتاژ کرتا ہے۔ اس پر چیئرمین ایف بی آر نے مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی اور کمیٹی کی سفارشات کی حمایت کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے مالی سال 2024-25 کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بجٹ مختص اور اس کے استعمال کا بھی جائزہ لیا۔ منصوبہ بندی کمیشن نے بعض منصوبوں کے بجٹ کے ضائع ہونے پر تشویش کا اظہار کیا تاہم وزارت خزانہ کے حکام نے وضاحت دی کہ کوئی فنڈ ضائع نہیں ہوا اور مجاز فنڈز کا 50 فیصد سے زائد حصہ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے تحریری اعداد و شمار فراہم کرنے کی ہدایت دی اور وزارت خزانہ و دیگر متعلقہ اداروں کو شفافیت یقینی بنانے کے لیے طلب کرنے کی سفارش کی۔

اجلاس میں پاکستان اور ایران کے درمیان تجویز کردہ بارٹر تجارت کے طریقہ کار پر بھی گفتگو ہوئی۔ سینیٹر مانڈوی والا نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ ابھی تک کسی باقاعدہ نیٹ آف سیٹلمنٹ میکانزم کا تعین نہیں کیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ اس حوالے سے ایک واضح طریقہ کار تیار کیا جائے۔ کمیٹی نے موجودہ پابندیوں میں نرمی اور قابل تجارت اشیاء کی فہرست میں وسعت لانے پرزور دیا۔

سینیٹر مانڈوی والا نے متعلقہ شراکت داروں سے کہا کہ نئی اشیاء کی تجاویز پیش کریں اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ آپریشنل مسائل جیسے کوئٹہ میں این ایل سی ٹرمینلز پر کسٹمز کے محدود اوقات اور سٹوریج کی کمی جیسے مسائل فوری حل کیے جائیں۔ انہوں نے کوئٹہ میں ایک مقامی کمیٹی قائم کرنے کی بھی تجویز دی تاکہ تاجر برادری کے مسائل حل کیے جا سکیں۔ اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز، سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر منظور کاکڑ، چیئرمین ایف بی آر اور وزارت خزانہ، وزارت قانون اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات