Live Updates

پی ڈی اے کا'' ورلڈ ملک ڈے'' کے موقع پر نیشنل سیمینار کا انعقاد ،صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی خصوصی شرکت

جمعرات 29 مئی 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) ورلڈ ملک ڈے 2025کی مناسبت سے پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن ''پی ٹی اے ''نے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور گلوبل الائنس فار امپرووڈ نیوٹریشن کے اشتراک سے ایک نیشنل سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد دودھ اور ڈیری سیکٹر کے عوامی صحت، غذائی تحفظ اور معاشی ترقی میں اہم کردار کو اجاگر کرنا تھا۔

سیمینار کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ تھے جبکہ اس موقع پر مختلف حکومتی اداروں، صنعت، تعلیمی حلقوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور سٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔اپنے کلیدی خطاب میں رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستان میں غذائی قلت سے نمٹنے میں ڈیری مصنوعات کے کلیدی کردار پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دودھ ایک مکمل غذا ہے اور خاص طور پر بچوں اور خواتین میں غذائیت کی بہتری کیلئے یہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

اس کی حفاظت اور رسائی کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ حکومت، نجی شعبے کے ساتھ مل کر فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد، صحت میں فرق کو کم کرنے اور فارمل ڈیری انڈسٹری کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی صحت کے حوالے سے مکالمے کو فروغ دینا اور تمام متعلقہ فریقین کو اکٹھا کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔

سیمینار کے دوران شرکا نے پنجاب اسمبلی سے منظور شدہ "کم از کم پیسچرائزیشن قانون" پر فوری اور موثر عمل درآمد پر زور دیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے غیر محفوظ اور غیر رجسٹرڈ دودھ سے عوام کو بچانے کیلئے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔شرکا نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ ملک بھر میں یکساں فوڈ سیفٹی پروٹوکولز نافذ کیے جائیں تاکہ ہر شہری کو محفوظ اور غذائیت سے بھرپور دودھ فراہم کیا جا سکے جبکہ ماہرین نے فوڈ سیفٹی انسپکٹرز کے لیے تربیت، فنڈنگ اور وسائل میں اضافے کی ضرورت کو اجاگر کیا تاکہ قوانین پر مثر عمل درآمد ممکن ہو سکے۔

سیمینار کے دوران ایک معلوماتی پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوئی جس کی میزبانی خوراک اور زراعت کی ماہر ماریا قریشی نے کی۔ پینل میں شامل محمد عاصم جاوید، ڈائریکٹر جنرل، پنجاب فوڈ اتھارٹی،ڈاکٹر عائشہ ملک، ماہر غذائیت و عوامی صحت کی مشیر، فائزن قریشی، ڈیری سپلائی چین اسپیشلسٹ، ڈاکٹر فاروق احمد، پروفیسر، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، ثنا حسین، نمائندہ گین پاکستان وغیرہ نے شرکت کی۔

نیشنل سیمینار ایک اجتماعی اقدام کے طور پر سامنے آیا تاکہ ہر پاکستانی کو محفوظ، سستا اور معیاری دودھ مہیا کیا جا سکے۔ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک صحت مند، فعال اور باقاعدہ ڈیری سیکٹر کی تشکیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات