Live Updates

ًخلجی قومی اتحاد انٹرنیشنل کے سربراہ نواب سلمان خلجی کی قیادت میں اسرائیل مردہ بادریلی

جمعہ 30 مئی 2025 23:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2025ء)خلجی قومی اتحاد انٹرنیشنل کے سربراہ نواب سلمان خلجی کی قیادت میں جمعہ کو خلجی قومی اتحاد انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ سے اسرائیل مردہ بادریلی نکالی گئی جو علمدار روڈ، میزان چوک، قندھاری بازار،شارع عدالت روڈ سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کرگئی‘ ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اورفلسطینی عوام کے حق میں نعرے درج تھے۔

ریلی کے شرکا سے خلجی قومی اتحاد انٹرنیشنل کے سربراہ نواب سلمان خلجی، صالح محمد نورزئی،سردارزین العابدین خلجی، جسبیر سنگھ، پادری سائمن بشیر، روزینہ خلجی،سلام خلجی، عنایت لالا،روزینہ خلجی،آعید محمد،عباس درانی، صدو خان خلجی،اورنگ شاہ اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پراسرائیلی بمباری اور مظالم سے ابتک 55ہزار سے زائد بے گناہ شہری جس میں خواتین،بچے اور بوڑھے شہید جبکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ زخمی اور بے گھر ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل بے گناہ فلسطین کی نسل کشی کر رہا ہے جس پر عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور اسلامی ممالک نے خاموشی اختیار رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف اسرائیل شہری آبادیوں کوبمباری کا نشانہ بنارہا ہے تو دوسری طرف فلسطینی عوام کیلئے اشیا خوردونوش،پینے کے صا ف پانی کی فراہمی بھی بند کردی گئی ہے جس سے انسانی المیہ جنم لینے کا خدشہ پیدا ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج غزہ کے مسلمانوں کی نسل کشی آخری حدوں کو پارکرچکی ہے دنیا بھر کے 2ارب مسلمان اور درجنوں مسلم ریاستیں اس ظلم کے خلاف عملی اقدام اٹھانے سے گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی اسلامی ملک ہے پاکستان کے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ فوری طور فلسطین کے عوام کے کو اسرائیلی مظالم سے نجات دلانے کیلئے آواز بلندکرے۔انہوں نے تاجر برادری اورعوام سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام ہونے والے مظالم پر اقوام متحدہ،عالمی قوتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں،اوآئی سی کی خاموشی معنی خیز ہے مسلمان ممالک،اقوا م متحدہ اوردیگر ادارے اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے مظالم رکوانے میں اپنا کردارادا کریں۔جلسے کے اختتام پراسرائیلی وزیراعظم کا پتلا اور اسرائیلی جھنڈا بھی نذر آتش کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات