Live Updates

ڈاکٹرعبدالقدیرخان کو ہیرو نہیں کہا جاسکتا صرف نوازشریف ہی ایٹمی دھماکوں کے حقیقی ہیرو ہیں، مشیرسیاسی امور

ڈاکٹر قدیر کو وہ پذیرائی ملتی ہے جس کے وہ حقدار تھے، انہیں ایک سائنسدان کے طور پر بجا طور پر یاد کیا جاتا ہے اور ان کا احترام کیا جاتا ہے؛ رانا ثناءاللہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 مئی 2025 12:43

ڈاکٹرعبدالقدیرخان کو ہیرو نہیں کہا جاسکتا صرف نوازشریف ہی ایٹمی دھماکوں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی 2025ء ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ہیرو نہیں کہا جا سکتا، صرف نواز شریف کو ہی بجا طور پر حقیقی ہیرو کہا جا سکتا ہے۔ اے آر وائی نیوز سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ایک سائنسدان کے طور پر بجا طور پر یاد کیا جاتا ہے اور ان کا احترام کیا جاتا ہے لیکن انہیں ہیرو یا لیڈر نہیں کہا جا سکتا، ڈاکٹر قدیر کو وہ پذیرائی ملتی ہے جس کے وہ حقدار تھے تاہم پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے پیچھے اصل ہیرو نواز شریف ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے دلیل دی کہ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کئی ممالک اور سائنسدانوں نے جوہری بم تیار کیے ہیں لیکن اصل کامیابی جوہری تجربہ کرنے اور اپنے ملک کو ایٹمی طاقت قرار دینے میں ہے کیوں کہ پاکستان نے ایٹم بم دھماکوں سے 10 سے 15 سال قبل تیار کیا تھا اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو جوہری پروگرام شروع کرنے کے کریڈٹ کے مستحق ہیں تاہم 28 مئی 1998 کو فیصلہ کن لمحہ آیا اور اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کیے، اگر اس دن یہ فیصلہ نہ کیا جاتا تو شاید کبھی ایسا نہ ہوتا، جو لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ نواز شریف ٹیسٹ نہیں کروانا چاہتے تھے وہ حسد اور نفرت میں اندھے ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو بطور سائنسدان ان کی خدمات کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کیوں کہ ملک کے معروف سائنسدان قوم کے احترام اور خراج تحسین کے مستحق ہیں جو ان کے پاس ہے لیکن اس وقت حتمی فیصلہ اور قیادت نواز شریف کے پاس ہی تھی اسی لیے پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے تناظر میں صرف نواز شریف کو ہی بجا طور پر حقیقی ہیرو کہا جا سکتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات