پاکستان کےساتھ لڑائی میں کچھ لڑاکا طیارے تباہ ہوئے، شکست خوردہ بھارتی فوج کا اعتراف، سینئر بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی رافیل سمیت پانچ طیارے گرنے کی تصدیق کر چکے ہیں

ہفتہ 31 مئی 2025 15:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) بھارت کی فوج نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں اس کے کچھ لڑاکا طیارے تباہ ہوئے ہیں۔ شکست خوردہ فوج نے یہ بھی کہا کہ 4 روزہ تنازعہ کبھی بھی ایٹمی جنگ کے قریب نہیں پہنچا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے آج سنگاپور میں شنگریلا ڈائیلاگ میں شرکت کے دوران بلومبرگ ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ اہم بات یہ نہیں ہے کہ طیارے گرائے گئے بلکہ یہ ہے کہ وہ کیوں گرائے گئے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ بھارت نے اس جنگ میں کتنے طیارے کھوئے۔

چوہان نے کہا کہ جو غلطیاں ہوئیں، وہ اہم ہیں ہم نے ان غلطیوں کو سمجھا اورانہیں درست کیا۔ان کا یہ بیان بھارت کے کسی اعلیٰ حکومتی یا فوجی عہدیدار کی جانب سے بھارتی طیاروں کی صورت حال کے حوالے سب سے واضح بیان ہے۔

(جاری ہے)

انیل چوہان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا کہ امریکا نے ایٹمی جنگ کو روکنے میں مدد دی، تاہم انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے کہ کوئی بھی فریق ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے قریب پہنچا تھا۔

چوہان نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں روایتی فوجی کارروائیوں اور ایٹمی جنگ کے درمیان کافی فاصلہ ہوتا ہے، پاکستان کے ساتھ رابطے کے ذرائع ہمیشہ کھلے رہے تاکہ حالات کو قابو میں رکھا جا سکے اور تصادم کی شدت کم کرنے کے لیے کئی درمیانی اقدامات ممکن تھے۔یاد رہے کہ قبل ازیںایک سینئر بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے رافیل سمیت بھارتی ائر فورس کے پانچ طیاروں کو مار گرایا۔انہوں ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارتی طیاروں کو فضائی لڑائی میں شکست ہوئی کیونکہ پاکستان نے چینی ساختہ لڑاکا طیارے استعمال کیے جو نئی دہلی کے زیر استعمال فرانسیسی ساختہ طیاروں سے بہتر ہیں۔