ڈپٹی کمشنرسرگودہا کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس

ہفتہ 31 مئی 2025 15:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی دفتر کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا جس میں عیدالاضحی کے موقع پر سیکیورٹی، صفائی، ٹریفک انتظامات، مذہبی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں علماء کرام، ضلعی افسران اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے مثالی انتظامات کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی متحرک ہے، شہر بھر میں ہر گھر کو شاپنگ بیگز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ منبر و محراب سے صفائی، قربانی کے شرعی و سماجی آداب اور مذہبی رواداری کے پیغام کو عام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں رواں سال صفائی کی صورتحال ماضی سے بہتر ہو گی اور شہریوں سے بھی درخواست ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ قربانی کے بعد شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گلیوں اور نالوں میں آلائشیں پھینکنے سے وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔

ڈی پی او صہیب اشرف نے علماء کرام سے کہا کہ وہ معاشرے میں امن، تحمل اور برداشت کا پیغام عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عناصر نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس حوالے سے علماء کرام اپنا موثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ عید الاضحی کے دوران شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں، پارکنگ مسائل کے حل کے لیے مخصوص مقامات کا تعین کیا گیا ہے جبکہ خواتین کی خریداری کے دوران تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خواتین کانسٹیبلز تعینات کی جائیں گی۔

اجلاس میں آپریشن "بنیاں مرصوص" کی کامیابی پر افواج پاکستان اور ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ علماء کرام نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ملک و ملت کا وقار بلند کیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کی بدولت آج ہم امن کے ثمرات حاصل کر رہے ہیں۔ اجلاس میں قتل و جدال پر مبنی پرانے مقدمات میں صلح کے فروغ کے لیے تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

یہ کمیٹیاں معززین علاقہ، امن کمیٹی ممبران اور پارلیمنٹیرینز پر مشتمل ہوں گی جو فریقین کے درمیان صلح کی کوششیں کریں گی۔ علماء کرام نے سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے صفائی آپریشن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اجلاس میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن خصوصاً تاریخی گول چوک مسجد کی عمارت کی بحالی پر بھی ضلعی انتظامیہ کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا ۔