Live Updates

پی پی 52 سیالکوٹ میں (آج) ہونے والے ضمنی انتخاب کی تیاریاں مکمل

ہفتہ 31 مئی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پنجاب کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جو (آج) اتوار کو ہوگا۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے پریذائیڈنگ افسران کو انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔

ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی طرف سے حنا ارشد، پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے راحیل کامران چیمہ، تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے محمد شفاقت اور دیگر آزاد امیدواران حصہ لے رہے ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ حلقہ پی پی 52 میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 185ہے، پولنگ کے عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے کل 1696 پولنگ اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں کل 185 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 11کو انتہائی حساس، 38 کو حساس اور 136کو نارمل قرار دیا گیا ہے جب کہ امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔علاوہ ازیں ضمنی انتخاب کی مانیٹرنگ کے لیے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور میں ایک کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو 24گھنٹے فعال رہے گا۔واضح رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ارشد جاوید وڑائچ کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات