Live Updates

پاکستان کا 33 روزہ پری حج فلائٹ آپریشن کامیابی سے مکمل ہو گیا ، ترجمان وزارتِ مذہبی امور

ہفتہ 31 مئی 2025 22:00

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) پاکستان کا 33 روزہ پری حج فلائٹ آپریشن جو 29 اپریل کو شروع ہوا تھا ہفتہ کو پی آئی اے کی پرواز PK-759 کی کراچی سے آمد کے ساتھ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ اس پرواز میں 307 عازمین حج سوار تھے اور یہ شام 6بجکر 55منٹ (مقامی وقت کے مطابق) سعودی عرب پہنچی۔وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ نے’’ اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ 88,260 عازمین نےسرکاری حج اسکیم کے تحت 342 پروازوں کے ذریعے پاکستان کے مختلف شہروں سے سعودی عرب کا سفر کیا۔

(جاری ہے)

27,011 عازمین نے پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کے ذریعے سفر کیا۔مجموعی طور پر 115,000 سے زائد پاکستانی عازمین اس سال حج ادا کریں گے۔آپریشن کے پہلے مرحلے میں 39,717 عازمین کو 156 پروازوں کے ذریعے 27 مئی تک مدینہ منتقل کیا گیا۔پی آئی اے، سعودی ایئرلائن، سرین ایئر، ایئر بلیو اور ایئر سیال نے پروازیں آپریٹ کیں۔ ترجمان نے بتایا کہ عازمین کی سہولت کے لیے تقریباً 470 ناظمین تعینات کیے جا رہے ہیں۔ ہر ناظم 188 سے 200 عازمین کے گروپ کے ساتھ ہمہ وقت موجود ہوگا اور وہ انہیں منیٰ، عرفات، مزدلفہ، جمرات اور واپس مکہ مکرمہ تک رہنمائی فراہم کرے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات