Live Updates

بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ مئی میں 17کشمیریوں کو شہید کیا

محاصرے اور تلاشی کی 236کارروائیوں اور چھاپوں کے دوران 474افراد گرفتار

اتوار 1 جون 2025 13:05

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں میں گزشتہ ماہ مئی میں ایک خاتون سمیت 17کشمیریوں کو شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے 8کشمیریوں کو جعلی مقابلوںمیں یادوران حراست شہید کیا گیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں، پیرزملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروںنے محاصرے اور تلاشی کی 236کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران 474افراد کو گرفتار کیا جبکہ مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی وجہ سے کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت فرقہ پرست انتظامیہ نے اس عرصے کے دوران کشمیریوں کی زرعی زمینوں اور مکانات سمیت 11جائیدادیں ضبط کر لیں۔

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارت میں اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پربھارتی وزارت داخلہ نے 19مئی 2025کو برطانیہ میں مقیم کشمیری پنڈت خاتون نتاشا کول کا اوورسیز سٹیزن شپ آف انڈیا (OCI)کارڈ منسوخ کر دیا ہے۔ نتاشا ایک ماہر تعلیم اور مصنفہ ہیں جو بھارت کی ہندوتوا حکومت پر مسلسل تنقید کرتی رہی ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات