بلوچستان میں پائیدار امن کیلئے قبائلی جرگے کا انعقاد مثبت اور تاریخی پیش رفت ہے ،صوبائی وزیرحاجی نورمحمدخان دمڑ

اتوار 1 جون 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وصوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن کیلئے قبائلی جرگے کا انعقاد مثبت اور تاریخی پیش رفت ہے ،بلوچستان میں قیام امن، ترقی وخوشحالی کے لیے قبائلی جرگہ سنگ میل ثابت ہوگا ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دیرپا امن کا قیام ریاست کی اولین ترجیح ہے اور اس جرگے کا انعقاد قبائلی روایات، باہمی مشاورت اور اعتماد کے فروغ کے لئے موثر قدم ہے جو صوبے اور عوام کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا کہ قبائلی جرگے کے شرکانے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں حکومت اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک افواج پاکستان کے ساتھ پوری قوت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قبائلی جرگہ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا ،صوبائی حکومت عوامی فلاح وبہبود،صحت و تعلیم کی بہتری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ امن و امان کے قیام کو بھی اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے، ہمیں مل کر پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان کی تعمیر کے لئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔