Live Updates

ی*فریضہ حج کو حکمرانوں نے کمائی کا ذریعہ بنا لیا ، حج کو سستا کیا جائے : جاوید قصوری

ٴْ حکومت کی غفلت اور بیوروکریسی کی نا اہلی کی وجہ سے 67ہزار پاکستانی حج سے محروم ہو گئے ہیں عید قربان سے قبل اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے، امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی

پیر 2 جون 2025 03:30

9لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی غفلت اور بیوروکریسی کی نا اہلی کی وجہ سے امسال 67ہزار پاکستانی حج سے محروم ہو گئے ہیں، افسوس کا مقام یہ ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داری قبول کرنے کی بجائے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز پر ملبہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے ۔70ارب روپے حاجیوں سے لیکر سعودی عرب منتقل کر دیئے گئے، مگر یہ حاجی فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے نہیں جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے اندر مسلم حکومتیں ہوں یا غیر مسلم وہ حاجیوں کو ریلیف فراہم کرتی ہیں لیکن پاکستان میں حکمران حج کو کمائی کا ذریعہ بنا لیتے ہیں۔ہر سال کوئی نہ کوئی اسکینڈل منظر عام پر آتا ہے اور پھر اس کو دبا دیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پرائیویٹ حج آپریٹر کو ریلیف دے ۔انہوں نے کہا کہ عید قربان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسنے والے غریب عوام کے لیے روزمرہ کی اشیائے ضروریہ خریدنا مزید دشوار ہو گیا ہے۔ کھانے پینے کی اشیا ء کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے۔ آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیاں اور پھل سب مہنگے ہو چکے ہیں جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

حکومت فوری طور پر مہنگائی کے خلاف اقدامات کرے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو بند گلی کی طرف دھکیل دیا ہے۔فارم 47والے پاکستان کودرپیش مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کسی کو بھی عوام کے مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں اور نہ ہی قومی سلامتی اور عزت و وقار کی قدر ہے ۔ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات