Live Updates

مرکزی جیل سکھر میں سزائے موت کے قیدی ندیم اختر ولد عبدالرؤف شیخ انتقال کر گئے

پیر 2 جون 2025 22:06

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)مرکزی جیل سکھر میں سزائے موت کے قیدی ندیم اختر ولد عبدالرؤف شیخ انتقال کر گئے۔ اعلامیہ جاری ، تفصیلات کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل اینڈ کوریکشنل سینٹر سکھر، شہاب الدین صدیقی کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سنٹرل جیل اینڈ کوریکشنل سینٹر سکھر میں قید سزائے موت کے قیدی ندیم اختر ولد عبدالرؤف شیخ 31 مئی 2025 کو صبح 6:30 بجے جیل ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

انہیں 30 مئی 2025 کو طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا علاج جاری رہا لیکن صحت میں بہتری نہیں آئی اعلامیہ کے مطابق سزائے موت کے قیدی ندیم اختر کو 29 اگست 2008 کو ایڈیشنل سیشن جج IV، حیدرآباد نے قتل کے مقدمے میں سزائے موت سنائی تھی، جبکہ مرحوم کی اپیل سپریم کورٹ آف پاکستان، اسلام آباد میں زیر سماعت بھی ہے۔

(جاری ہے)

قیدی کی وفات کی اطلاع ملنے کے بعد جیل انتظامیہ نے قانونی اور خاندانی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے قیدی کے وارثین/رشتہ داروں سے رابطے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن رابطہ نہیں ہو سکا جس کی اطلاع سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس حیدرآباد کو بھی دی گئی۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ روہڑی کی نگرانی میں تمام قانونی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ ہسپتال روہڑی منتقل کیا گیا۔ مرحوم کے وارثین سے رابطے کی کوششوں کے باوجود کوئی سراغ نہیں مل سکا، جس کے بعد سول مجسٹریٹ کے حکم پر میت کو دفنانے کے لیے ایدھی سینٹر سکھر کے حوالے کر دیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات