Live Updates

پانی بند کرنے کی بھارتی دھمکیوں کے باوجود حکومت کا حیرت انگیز فیصلہ

آئندہ مالی سال کے دوران دیامربھاشا ڈیم سمیت پانی کے منصوبوں کیلئے 119 ارب روپے کی کٹوتی کر دی

muhammad ali محمد علی پیر 2 جون 2025 19:46

پانی بند کرنے کی بھارتی دھمکیوں کے باوجود حکومت کا حیرت انگیز فیصلہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 جون 2025) پانی بند کرنے کی بھارتی دھمکیوں کے باوجود حکومت کا حیرت انگیز فیصلہ، آئندہ مالی سال کے دوران دیامربھاشا ڈیم سمیت پانی کے منصوبوں کیلئے 119 ارب روپے کی کٹوتی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے ہزاروں ارب روپے کا ترقیاتی پلان تیار کر لیا ہے، جس میں بظاہر سڑکوں کی تعمیر پر سب سے زیادہ توجہ دی جائے گی۔

حکومت نے اگلے مالی سال کیلئے 4 ہزار100 ارب کا ترقیاتی پلان تیار کیا ہے ، معاشی ماہرین نے مالیاتی مشکلات کے باوجود اتنے بڑے حجم کے ترقیاتی پلان کے حوالے سے سوالات بھی اٹھائے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہزاروں ارب روپے کے مجوزہ نئے ترقیاتی پلان میں حکومت نے بنیادی مسائل پر پیسہ خرچ کرنے کے بجائے سیاسی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر کو زیادہ اہمیت دی ہے، مالی مشکلات کے باوجود ارکان اسمبلی کی ترقیاتی سکیموں کیلئے 50 ارب روپے نوازے جائیں گے۔

(جاری ہے)

حکومت نے 4 ہزار ارب روپے سے زائد کے مجوزہ ترقیاتی پلان میں تعلیم ،صحت اور پانی کے منصوبوں کو نظرانداز کردیا ہے۔ وفاقی وزارت تعلیم کے بجٹ میں20 ارب یعنی 27 فیصد کٹوتی کردی گئی ہے۔ جبکہ ہائیرایجوکیشن کے بجٹ میں بھی 32 فیصد کمی کرکے اسے 45 ارب روپے تک محدود کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اگلے مالی سال کیلئے وفاق اورصوبوں کا ترقیاتی بجٹ رواں مالی سال سے 8 فیصد زائد یعنی 300 ارب زیادہ ہو گا۔

اگلے ترقیاتی پروگرام میں وفاق کے حصے کو 400 ارب روپے کم کردیا گیا ہے جبکہ صوبے 28 فیصد زیادہ خرچ کریں گے۔ اگلے مالی سال کے مجوزہ ترقیاتی پلان میں حیران کن طور پر حکومت نے پانی کے منصوبوں کیلئے بجٹ میں کٹوتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پانی بند کرنے کی بھارت کی دھمکیوں کے باوجود پانی کے منصوبوں کیلئے رقم میں45 فیصد یعنی 119 ارب روپے کی کٹوتی کرکے اس رقم کو140 ارب تک محدود کردیا گیا ہے۔ پانی کے سب سے اہم منصوبے دیامربھاشا ڈیم کی رقم میں بھی پانچ ارب روپے کٹوتی کرکے اس رقم کو رواں مالی سال کے 40 ارب روپے کے مقابلے میں 35 ارب روپے کردیا گیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات