سیلاب کی روک تھام کےلئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ،ہماری معاشی خود انحصاری کا دارومدار سستی بجلی اور زراعت پر ہے.شہبازشریف

پانی کا ذخیرہ بڑھانا اور موثر استعمال وقت کی ضرورت ہے. وزیراعظم کی زیر صدارت دیامیر بھاشا ڈیم اور دیگر آبی وسائل کے امور پر اہم اجلاس،ڈیم کی تعمیر میں حائل تمام تر رکاوٹوں کو فوری حل اور منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 3 جون 2025 14:20

سیلاب کی روک تھام کےلئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ،ہماری معاشی خود انحصاری ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 جون ۔2025 )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کی روک تھام کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے، ہماری معاشی خود انحصاری کا دارومدار سستی بجلی اور زراعت پر ہے،پانی کا ذخیرہ بڑھانا اور وثر استعمال وقت کی ضرورت ہے وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت دیامیر بھاشا ڈیم اور دیگر آبی وسائل کے امور پر اہم اجلاس ہوا.

اجلاس میں وزیراعظم نے ملک میں توانائی کی پیداوار اور پانی کے وافر ذخیرے کا موثر نظام قائم کرنے کیلئے دیامر بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور ڈیم کی تعمیر میں حائل تمام تر رکاوٹوں کو فوری حل کرنے اور منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کا حکم دیا.

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی استطاعت بڑھانے، زراعت کے لئے درکار پانی کی فراہمی، سیلاب کی روک تھام کے لئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ ہماری معاشی خود انحصاری کا دارومدار سستی بجلی اور زراعت پر ہے جس کیلئے پانی کے سٹوریج بڑھانے اور پانی کے موثر استعمال کی ضرورت ہے.

انہوں نے کہاکہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے سے توانائی کی پیداوار میں اضافہ اور زراعت کی ضروریات پوری کی جا سکیں گی وزیراعظم نے اجلاس کے دوران واضح کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم جیسے اہم منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے. اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثنااللہ، وزیر اعلی گلگت بلتستان گلبر خان اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی.