Live Updates

معاشی چیلنجز کے باوجود پاکستان گیس کے شعبے کے مسائل کو ختم کرنے کا عزم رکھتا ہے، وفاقی وزیر پٹرولیم کا باکو میں اجلاس سے خطاب

منگل 3 جون 2025 16:40

باکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاہے کہ ہم مقامی ایکسپلوریشن کو فروغ دے کر گیس کے انفراسٹرکچر کو وسعت دے رہے ہیں،معاشی چیلنجز کے باوجود پاکستان گیس کے شعبے کے مسائل کو ختم کرنے اوراصلاحات نافذ کرکے اسے پائیدار بنانے کا عزم رکھتا ہے، حکومت پائیدار توانائی شعبہ تعمیر کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو باکو انرجی فورم کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر "مستحکم اور پائیدار توانائی کے مستقبل کے لئے عالمی تعاون " کے عنوان سے منعقدہ منسٹیریل پلینری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں پاکستان کے پائیدار، متوازن اور مضبوط توانائی کے وژن کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی جانب سے متوازن، جامع اور پائیدار توانائی کے ماڈل کی طرف حکمت عملی کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو ادراک ہے کہ صنعتی ترقی کی طرف منتقلی کے دوران توانائی کی طلب بڑھے گی جس کے لئے قابل تجدید توانائی اور ٹیکنالوجیز کو ہماری توانائی کی منصوبہ بندی میں شامل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور اہم پہلو پالیسی میں ہم آہنگی ہے۔ اس مقصد کے لئے وزیراعظم کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے تاکہ پٹرولیم اور بجلی کے شعبوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی یقینی بنائی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے نے مزید کہا کہ ہم مقامی ایکسپلوریشن کو فروغ دے کر گیس کے انفراسٹرکچر کو وسعت دے رہے ہیں۔ ہم آذربائیجان کی حکومت اور دیگر دوست ممالک کے شکرگزار ہیں جو ہمیں گیس کے وسائل کے مقامی استعمال میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ توانائی بچت کے حوالے سے بھی متعدد حکمت عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ معاشی چیلنجز کے باوجود پاکستان گیس کے شعبے کے مسائل کو ختم کرکے اور اصلاحات نافذ کرکے پائیدار بنانے کا عزم رکھتا ہے۔

ہم ایک پائیدار توانائی کا شعبہ تعمیر کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں اور اصلاحات وزیراعظم کے وژن کی بنیاد ہیں۔ اس موقع پر علی پرویز ملک نے آذربائیجان کے وزیر توانائی پرویز شہبازوف کو فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس فورم کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا عہد کیا تاکہ فوسل فیول پر مبنی قابل تجدید ایندھن کے استعمال کی طرف منتقلی ممکن بنائی جا سکے۔ اجلاس میں آذربائیجان کے توانائی وزیر پرویز شہبازوف، ترکی کے نائب وزیر توانائی اور یورپی کمیشن کی ڈائریکٹر برائے توانائی کرسٹینا سمیت دیگر نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات