Live Updates

محکمہ جنگلی حیات معدومی کے خطرے سے دوچار جنگلی جانور ہنی بیجر (بجو )کے تحفظ کیلئے دلچسپ معلوماتی ویڈیو تیار کر رہا ہے،ترجمان

منگل 3 جون 2025 21:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) سینئروزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات ،جنگلی حیات و ماہی پر وری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر چیف وائلڈلائف رینجرمبین الہی کی زیر قیادت صوبہ میں معدومی کے خطرے سے دو چار جنگلی جانور ہنی بیجر (بجو )کے تحفظ و فروغ کیلئے ایک مختصر دورانیے کی دلچسپ معلوماتی ویڈیو تیار کیجا رہی ہے جسکا بنیادی مقصد عام لوگوں کو قدرت کی اس حیرت انگیز تخلیق کی افادیت سے آگا ہ کر نا ہے ۔

ترجمان وائلڈ لائف کے مطابق ویڈیو میں بتایا گیاہے کہ ہنی بیجر بظاہر ایک چھوٹی جسامت والا ممالیہ ہے جسکا شمار انتہائی خطرنا ک اور نڈ ر جانوروں میں ہوتا ہے اور اسکا نیولے کے خاندان سے تعلق ہے تا ہم یہ شیر ،چیتے اور لگڑ بگڑجیسے بڑے خطرناک شکاری جانوروں سے بھی لڑنے سے گریز نہیں کر تا ۔

(جاری ہے)

یہ انتہائی ذہین و فطین جانور ہے جو روز مرہ استعمال ہونیوالے آلات اور اوزاروں کے استعمال کا بھی خوب ہنر جانتا ہے یہ شہد خو رجانو رہے جو ہما رے ایکو سسٹم کیلئے انتہائی سود مند ہے۔

یہ ماحول میں چرند،پرنداور خزند کی آبادی کو منضبط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے،جو بیجوں کے پھیلائو ، مسکن سازی اور ایکوسسٹم انجینئرنگ کا موجب ہے اور اسکی کسی ماحول میں موجودگی صحتمند ایکوسسٹم کا غماز تصور کی جاتی ہے۔ہنی بیجر افریقہ ، مشرقِ وسطی ، بھارت اور ایشیا کے بعض حصوں میں پایا جاتا ہے۔یہ مختلف ماحول جیسے صحرا ، جنگل اور پہاڑوں کا مسکن پذیر ہے۔

اگرچہ دیگر دنیا میں قدرت کے اس حیرت انگیز شاہکار کی آبادی مستحکم ہے تا ہم پاکستان میں اسکا شمار انتہائی معدومی کے خطرے سے دو چار انواع میں ہوتاہےجسکی بنیادی وجہ اسکے مسکن کی تباہی و شکست و ریخت ،انسانی و جنگلی حیات کا تنازعہ ،اس کے جسمانی اعضا کی سمگلنگ کی بنیاد پر اسکا غیر قانونی شکار اور تجارت شامل ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے شانہ بشانہ اس نادر و نایاب جنگلی جانور کے تحفظ و فروغ کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری محکمہ کی ہیلپ لائن 1107 پراطلاع دیں ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات