Live Updates

صنم جاوید خان کو تحریک انصاف میں اہم عہدہ مل گیا

جیل میں قید پی ٹی آئی کی خاتون کارکن کو پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات مقرر کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 4 جون 2025 00:08

صنم جاوید خان کو تحریک انصاف میں اہم عہدہ مل گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 3 جون 2025ء) صنم جاوید خان کو تحریک انصاف میں اہم عہدہ مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی واقعات کے الزام میں کئی ماہ تک جیل میں رہنے والی پی ٹی آئی خاتون کارکن صنم جاوید خان کو پارٹی میں اہم عہدے سے نواز دیا گیا ہے۔ صنم جاوید خان کو پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ صنم جاوید خان کو گزشتہ ماہ دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، جس کے بعد سے اب تک ان کی رہائی نہیں ہو سکی۔ 20 مئی کو سیشن کورٹ لاہور میں پی ٹی آئی کی سوشل ایکٹوسٹ صنم جاوید کی ایف آئی اے کے مقدمے میں ضمانت مسترد کردی گئی تھی۔ عدالت میں صنم جاوید کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ’ملزمہ کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا، ملزمہ سے کوئی تفتیش درکار نہیں ہے، اس لیے عدالت درخواست ضمانت منظور کرے‘، تاہم ایف آئی اے نے ملزمہ کی ضمانت کی مخالفت کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء صنم جاوید اور ان کے شوہر عتیق کوگرفتار کرنے کے بعد ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ عتیق کو عظمیٰ بخاری جعلی ویڈیو سکینڈل کے مقدمے میں حراست میں لیا گیا، عتیق پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر جعلی مواد پھیلانے میں ملوث رہا۔ بتایا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو اینٹی ٹیررسٹ فورس نے 9 مئی کے واقعات کے مقدمے میں گرفتار کیا، پولیس اور ایف آئی اے کے مشترکہ آپریشن کے دوران دونوں کو لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ سے گرفتار کیا گیا، حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار شدگان سے مزید تفتیش جاری ہے، صنم جاوید کیخلاف 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے سنگین الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں جس پر انہیں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات