Live Updates

جو اعزاز بابر اعظم نے اپنے پی ایس ایل کیریئر کے پہلے سال حاصل کرلیا وہ پانے میں کوہلی کو 18 سال لگ گئے

آئی پی ایل 2025ء فائنل میں رائل چیلنجرز بنگلور نے پنجاب کنگز کو 6 رنز سے شکست دیکر 2008ء سے شروع ہونیوالی لیگ میں پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 4 جون 2025 11:37

جو اعزاز بابر اعظم نے اپنے پی ایس ایل کیریئر کے پہلے سال حاصل کرلیا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 جون 2025ء ) پاکستان کے سپر اسٹار بلے باز بابر اعظم کو لیگ کرکٹ میں اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں زیادہ عرصہ نہیں لگا لیکن ویرات کوہلی کو اپنی لیگ ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں 18 سال لگ گئے۔ 
رائل چیلنجرز بنگلور اور ویرات کوہلی نے 18 سال کے طویل انتظار کے بعد بلآخر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

 
آئی پی ایل 2025ء کے فائنل میں رائل چیلنجرز بنگلور نے پنجاب کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر 2008ء سے شروع ہونے والی آئی پی ایل میں پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا کرلیا۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی پی ایل سیزن 18 کے فائنل میں رائل چیلنجرز بنگلور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے، جو اس سیزن اس میدان پر سب سے کم اسکور تھا۔

(جاری ہے)

191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب سپر کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا سکی اور یوں رائل چیلنجرز بنگلور نے 6 رنز سے کامیابی کے بعد بالآخر پہلی بار آئی پی ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ 
ویرات کوہلی مسلسل 18 سیزن سے رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اب پہلی بار انہوں نے آئی پی ایل ٹرافی اٹھائی ہے۔

 
ویرات کوہلی آئی پی ایل جیتنے پر میدان میں جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھیں نم ہوگئیں۔ 
پاکستانی رن مشین بابر اعظم کا موازنہ بھارتی ریکارڈ ساز بلے باز ویرات کوہلی سے کیا جاتا ہے تاہم جو اعزاز بابر اعظم نے اپنے لیگ کیریئر کے پہلے سال میں حاصل کیا وہ پانے میں کوہلی کو 18 سال لگ گئے۔ 
یاد رہے کہ بابر اعظم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا افتتاحی ٹورنامنٹ جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے جبکہ اس سیزن میں بابر نے اسلام آباد کی جانب سے اپنا ڈیبیو بھی کیا تھا۔

 
 
بطور بیٹر اپنی ٹیم کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے بابر اعظم نے پی ایس ایل کا دوسرا ٹائٹل کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے 2020ء میں جیتا تھا۔
پی ایس ایل کے اس سیزن میں بابر اعظم نے 473 رنز بنا کر ایونٹ کے ٹاپ سکورر رہتے ہوئے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ جیتا جبکہ وہ لاہور قلندرز کیخلاف نصف سنچری کے ساتھ فائنل کے مین آف دا میچ بھی رہے تھے۔ 
 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات