Live Updates

پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، امید ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر طویل اور پائیدار ہو گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا امریکی سفارتخانہ میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب

بدھ 4 جون 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر ہو چکا ہے، امید ہے کہ یہ طویل اور پائیدار ہو گا اور ہم سرمایہ کاری، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکیں گے، ہم آئی ٹی، توانائی، زراعت تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تجارت، ٹیرف سمیت دیگر امور پر امریکہ کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو امریکی سفارتخانہ میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے امریکہ کے 249ویں یوم آزادی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط کو فروغ دیا جائے گا، امریکی اسلاف نے اپنے وژن اور جدوجہد سے تاریخ میں کامیابی حاصل کی، ان کے آزادی، برداشت اور جمہوری نظم و نسق کے نظریات ہمارے آبائو اجداد کی سوچ اور وژن سے ہم آہنگ ہے، قائداعظم محمد علی جناح آئین، اقلیتوں کے حقوق اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اور وسیع بنیادوں پر تاریخی تعلقات ہیں، امریکہ پاکستان کو تسلیم کرنے والے ابتدائی ملکوں میں شامل تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ڈیموں سمیت متعدد منصوبے امریکی حکومت کے تعاون سے مکمل کئے گئے، امریکہ نے متعدد بار پاکستان اور پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے تعاون فراہم کیا، نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ شروع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ افغان جنگ بالخصوص نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے فرنٹ لائن ملک کا کردار ادا کیا، 2018ء میں پاکستان نے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیا تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھایا، 90 ہزار سے زیادہ جانیں قربان ہوئیں، 150 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان اپنی معاشی بحالی کیلئے کوشاں ہے، پاکستان نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں امن، ترقی و خوشحالی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ سے یہ حقیقت عیاں ہوئی ہے کہ پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا، بھارت کو پوری دنیا کے سامنے ٹھوس شواہد پیش کرنے چاہئیں اور انہیں اس واقعہ کے حقائق کے بارے میں قائل کرنا چاہئے، ہم نے اس معاملہ کی عالمی سطح پر قابل اعتماد اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تاکہ دنیا حقائق کے بارے میں جان سکے لیکن بدقسمتی سے ہماری سنجیدہ اور مخلصانہ پیشکش کا بھارت نے جارحیت سے جواب دیا، ہم نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، 6 اور 7 مئی کو بچوں اور خواتین سمیت 33 معصوم پاکستانیوں کو شہید اور 55 کو زخمی کیا گیا، ہم نے اپنے دفاع میں 6 بھارتی طیارے مار گرائے کیونکہ جواب دینا ہمارا حق تھا، بھارت نے 9 اور 10 مئی کو پھر حملہ کیا، اس موقع پر ہمارے امریکی دوست ہم سے رابطہ میں تھے، انہوں نے مخلصانہ طور پر ہمیں قائل کیا جس پر ہم نے کہا کہ اب کافی ہے اور جنگ بندی پر رضامند ظاہر کی، ہم امن اور کشیدگی میں کمی کے خواہاں ہیں، امریکی دوستوں نے پھر ہم سے رابطہ کیا اور کہا کہ پاکستان کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے، ہم نے بھارت کی جانب سے دوبارہ حملے پر اپنا ردعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی شک و شبہ کے بغیر امن پسند شخصیت ہیں اور امن اور مفید کاروباری معاہدوں کے داعی ہیں، وہ کشیدگی میں کمی کے حامی، سرد اور گرم جنگ کے خلاف ہیں، وہ کسی خاص خطے میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں خوشحالی و ترقی کے خواہاں ہیں جس کا ان کے حالیہ بیانات سے اظہار ہوتا ہے، انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو تجارت، سرمایہ کاری اور جنگ بندی کی تجویز دی، پاک۔

بھارت جنگ بندی کیلئے امریکی صدر ٹرمپ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور خلیجی دوست ممالک نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا جس پر ان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر ہو چکا ہے، امید ہے کہ یہ طویل اور پائیدار ہو گا اور ہم سرمایہ کاری، تجارت سمیت دیگر شعبوں کو فروغ دے سکیں گے، ہم آئی ٹی، توانائی، زراعت تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تجارت، ٹیرف سمیت دیگر امور پر امریکہ کے ساتھ رابطہ میں ہیں، مختلف شعبوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وژن قابل تعریف ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات