Live Updates

وزیراعظم سے بیلا روسی وفد کی ملاقات، مفاہمتی یادداشتوں ،معاہدوں پر پیشرفت کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال

پاکستان بیلاروس کے ساتھ معاشی شراکت داری بڑھانے کا خواہاں ہے، آئی ٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا، شہباز شریف

بدھ 4 جون 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ معاشی شراکت داری بڑھانے کا خواہاں ہے، بیلاروس کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا، زرعی مشینری کی تیاری کے حوالے سے بیلاروس کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیلا روس کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل وکٹر خرینن کی زیر قیادت سات رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفد میں پاکستان میں تعینات بیلا روس کے سفیر آندرے میٹیلسٹا بیلا روس کے کمانڈر ائیر فورس اینڈ ائیر ڈیفنس میجر جنرل آندرے لکیانووچ اور بیلا روسی وزارت دفاع کے حکام شامل تھے۔اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیلاروس کے ساتھ معاشی شراکت داری کی مزید ترویج کے خواہاں ہیں، زرعی مشینری کی تیاری کے حوالے سے بیلاروس کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبوں میں بھی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا، اس سال میرے دورہ بیلاروس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے جن کی بدولت دو طرفہ تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔

وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بیلا روس کے وفد کو جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدہ صورتحال پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی جس کا مثبت جواب دینے کی بجائے بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئیپاکستان پر حملہ کیا، شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں بے گناہ معصوم شہری شہید ہوئے۔

وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ 10مئی کو پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ اس موقع پر بیلاروس کے وزیر دفاع نے وزیراعظم کو بیلاروسی صدر کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے خواہاں ہیں، میرے اور میرے وفد کے دورہ پاکستان کا مقصد بیلاروس اور پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر پیشرفت کو مزید آگے بڑھانا ہے ، پاکستان-بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات