Live Updates

وزیراعظم سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، بجٹ بارے تجاویز پیش کیں

کراچی کی عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات فراہمی کیلئے گرین لائن منصوبہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،شہباز شریف

بدھ 4 جون 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی کی عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات دینے کے لئے گرین لائن منصوبہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی ، وفد میں وزیر صحت مصطفی کمال ، اراکین قومی اسمبلی امین الحق ، ڈاکٹر فاروق ستار اور جاوید حنیف شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزراء اسحاق ڈار ،احسن اقبال ،سینیٹر محمد اورنگزیب ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، رانا مبشر اقبال،وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثنااللہ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔وفد نے ملاقات میں وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2025-26ء پر مشاورت کرتے ہوئے اپنی تجاویز وزیراعظم کو پیش کیں ۔ اس موقع پر گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کی عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات دینے کے لئے گرین لائن منصوبہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی حیدرآباد پیکیج کے حوالے سے بھی کام تیز تر کرنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات