Live Updates

اقوام متحدہ میں پاکستان کی اہم تقرریاں عالمی برادری کے اعتماد اوربھروسے کی مظہرہیں، شہبازشریف

جمعرات 5 جون 2025 20:09

اقوام متحدہ میں پاکستان کی اہم تقرریاں عالمی برادری کے اعتماد اوربھروسے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1988 (2011) کے تحت قائم پابندیوں کی کمیٹی کا چیئرمین ، قرارداد 1373 (2001) کے تحت قائم انسداد دہشت گردی کمیٹی کا نائب چیئرمین اور دستاویزات و پابندیوں سے متعلق غیر رسمی ورکنگ گروپ کا شریک چیئرمین مقرر ہونا انتہائی قابل فخر ہے، پاکستان ان عالمی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانے کے لئے پرعزم ہے۔

جمعرات کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ یقیناً یہ پاکستان کے لئے ایک بہت بڑے فخر کی بات ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1988 (2011) کے تحت قائم پابندیوں کی کمیٹی کی چیئرمین شپ پاکستان کے سپرد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کو قرارداد 1373 (2001) کے تحت قائم انسداد دہشت گردی کمیٹی کا نائب چیئرمین اور دستاویزات و پابندیوں سے متعلق غیر رسمی ورکنگ گروپ کا شریک چیئرمین بھی مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اہم تعیناتیاں عالمی برادری کی جانب سے پاکستان پر کئے گئے اعتماد اور بھروسے کا مظہر ہیں، یہ اس حقیقت کا بین ثبوت ہیں کہ پاکستان نے دہشت گردی جیسے عالمی ناسور کے خاتمے کے لئے جو قربانیاں دی ہیں، ان کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قیمت چکائی ہے، 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نقصان اور 150 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی خسارہ برداشت کیا ہے، یہ وہ اعداد و شمار ہیں جو پاکستان کی لازوال قربانیوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے بلکہ ان لاکھوں پاکستانیوں کی قربانیوں کا اعتراف بھی ہے جنہوں نے امن کے قیام کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن اور محفوظ دنیا کے لئے اپنے عزم پر قائم ہے اور ان عالمی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانے کے لئے پرعزم ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات