Live Updates

زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے مشینی کاشتکاری ناگزیر ہے، رانا تنویرحسین

وزارت کا بنیادی مقصد خوراک کا تحفظ، پائیدار زراعت کا فروغ اور کسانوں کی فلاح ہے، وفاقی وزیر

جمعرات 5 جون 2025 22:52

زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے مشینی کاشتکاری ناگزیر ہے، رانا تنویرحسین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین نے آج پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررزکے ایک وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان میں زرعی مشینی نظام کو فروغ دینے اور قومی ٹریکٹر پالیسی متعارف کرانے پر غور کرنا تھا تاکہ ملکی سطح پر زرعی پیداوار میں اضافہ اور برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔

وفد نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریکٹر سازی کی صنعت اس وقت سالانہ تقریباً 400 ملین امریکی ڈالر کا حصہ قومی معیشت میں ڈال رہی ہے، اور اگر حکومت اس شعبے کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک مربوط پالیسی دے، تو یہ شعبہ 1 ارب ڈالر تک کا زرِ مبادلہ کما سکتا ہے، جس سے روزگار کے مواقع، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو گا۔

(جاری ہے)

وفد نے کہا کہ جدید اور تکنیکی لحاظ سے ترقی یافتہ ٹریکٹرز کی دستیابی اور قیمت میں کمی براہِ راست پاکستان کی زرعی زمینوں کی پیداوار بڑھانے سے جڑی ہوئی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزارت کا بنیادی مقصد خوراک کا تحفظ، پائیدار زراعت کا فروغ اور کسانوں کی فلاح ہے اور مشینی زراعت اس مقصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت زرعی مشینی نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے کیونکہ یہ بہتر پیداوار، فصل کے بعد نقصانات میں کمی اور خوراک کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ قومی ٹریکٹر پالیسی صنعت و زراعت کے درمیان ایک مضبوط ربط فراہم کرے گی۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزارت تمام متعلقہ اداروں بشمول وزارت صنعت و پیداوار اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ساتھ رابطہ کرے گی تاکہ ایک جامع پالیسی مرتب کی جا سکے جو مقامی مینوفیکچررز کی مدد، برآمدات کا فروغ اور کسانوں تک ٹریکٹرز کی آسان رسائی کو یقینی بنائے۔

وفاقی وزیر نے PAAPAM کی مقامی پرزہ سازی اور انڈجینائزیشن میں خدمات کو سراہتے ہوئے مکمل سرکاری تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ حکومت صنعتی ترقی کو قومی غذائی تحفظ کے اہداف سے ہم آہنگ بنانے کے لیے پٴْرعزم ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات