آپریشن سندور میں بدترین ناکامی، اپوزیشن نے مودی حکومت پر سوالات کی بوچھاڑ کردی

آپریشن سندور میں مودی سرکار تنہا ،پاکستان کی حمایت میں ترکی، چین اور آذربائیجان سب کا ساتھ ہے،پون کھیرہ بی جے پی کے حمایتیوں نے مودی کو مقدر کا سکندر سمجھا، 11سال بعد فلم نکلی تو نکلا نریندر کا سرینڈر، کانگریس رہنماء

جمعرات 5 جون 2025 21:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)آپریشن سندور میں بھارت کی ناکامی اوراپوزیشن رہنمائوں کے اہم سوالات نے مودی سرکار کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔کانگریس رہنما پون کھیرہ نے کہا ہے کہ سارے عوام مودی سے آپریشن سندور کی ناکامی پر سوال کررہے ہیں، مگر کوئی جواب نہیں۔ جو بھی سوال کرتا ہے، اسے پاکستان کا حامی قرار دے دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور میں مودی سرکار تنہا ہو چکی ہے، پاکستان کی حمایت میں ترکی، چین اور آذربائیجان سب کا ساتھ ہے، مودی سرکار کے آپریشن سندور کے بعد بہادری کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔پون کھیر نے کہا کہ کہیں مودی نے ٹرمپ کو آنکھ اٹھا کر جواب نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے حمایتیوں نے مودی کو مقدر کا سکندر سمجھا، گیارہ سال بعد فلم نکلی تو نکلا نریندر کا سرینڈر۔ عوام بزدل مودی سے تنگ ہوگئے ہیں، اس کی وجہ سے ملک کا مستقبل خطرے میں ہے۔