Live Updates

بلاول بھٹو زرداری کی امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کو جنوبی ایشیائی بحران، مسئلہ کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر بریفنگ

امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے پر زور

جمعہ 6 جون 2025 21:41

بلاول بھٹو زرداری کی امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کو جنوبی ایشیائی ..
واشنگٹن ڈی سی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی۔ اس اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین برائن ماسٹ (ریپبلکن، فلوریڈا) اور رینکنگ ممبر گریگوری میکس (ڈیموکریٹ، نیویارک) نے کی۔

ملاقات میں جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتِ حال، مسئلہ کشمیر اور امریکہ-پاکستان تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کمیٹی کو بھارت کی حالیہ فوجی کارروائیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات سے آگاہ کیا، جنہیں انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے شدید خطرہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام نہ صرف لاکھوں پاکستانیوں کے معاشی و زرعی مفادات کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ آبی وسائل کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی خطرناک نظیر بھی قائم کر رہا ہے۔

انہوں نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتِ حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے اس دیرینہ مؤقف کو دہرایا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دیا جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ کے ماضی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مثبت کردار کو سراہا اور خطے میں دیرپا امن کے لیے امریکی سفارتی کردار کی ضرورت پر زور دیا۔

وفد نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ دونوں جانب سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا۔امریکی کانگریس کے اراکین نے پاکستانی وفد کے خیالات کو سراہا اور حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ بات چیت، مفاہمت اور شراکت داری کو فروغ دینے کے وفد کے عزم کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات