Live Updates

مقبوضہ جموں وکشمیر،بھارت نے امرناتھ یاترا کی آڑ میں پیرا ملٹری کی مزید 581کمپنیاں تعینات کر دیں

جمعہ 6 جون 2025 21:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی بھارتی حکومت نے امرناتھ یاترا کی آڑ میں پیرا ملٹری کی مزید 581 کمپنیاں تعینات کر دی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے جموں وکشمیر پر اپنے قبضے کو برقرار رکھنے پہلے ہی 10 لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکار علاقے میں تعینات کر رکھے ہیں ۔

581مزید کمپنیاں 3 جولائی سے 9 اگست تک ہونے والی امرناتھ یاترا کو سکیورٹی فراہم کرنے کے بہانے تعینات کی گئی ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی ولاخطہ مانا جاتا ہے۔ بھارت کی طرف سے علاقے میں لاکھوں کی تعداد میں فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کا واحد مقصد کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانا اور جموں وکشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ برقرار رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آج علاقے کے دورے کے دوران ریاست میں تقریر کو انتہائی گمراہ کن اور غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا ہے جس میں انہوں نے پہلگام واقعے میں پھر پاکستان کو ملوث ٹھہرانے کی کوشش کی ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ راشد منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں تعمیر وترقی کے نام نہاد منصوبوں سے کشمیریوں کو ہرگز گمراہ نہیں سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں سڑکوں ، پلوں ،سرنگوں اور ریلوے منصوں کے پیچھے دراصل فوجی مقاصد کارفرما ہیں اور بھارت اس طرح کے منصوبوں سے جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو مزید مضبوط بناناچاہتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر اپنے ساتھ رکھنے اور پاکستان پر الزام تراشیوں کے بجائے تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے ماحول سازگار بنائے جسکی وجہ سے یہ پورا خطہ مسلسل ایک غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔

آپریشن بلیو اسٹار کی 41ویں برسی پر امرتسر کے گولڈن ٹیمپل میں خالصتان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ سکھ رہنماؤں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکھ پرامن طریقے سے اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن اسو قت کی حکومت نے گولڈن ٹیمپل پر وحشیانہ فوجی یلغار کی ، اسے شدید نقصان پہنچایا اوربڑی تعداد میں سکھ مار دیئے۔یاد رہے کہ جون1984میں اس وقت کی بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے حکم پر بھارتی فوج نے امرتسر میں سکھوں کی مقدس ترین عبادت گاہ گولڈن ٹیمپل پر حملہ کر کے سکھ رہنما جرنیل سنگھ بھنڈرانوالہ سمیت سینکڑوں سکھ قتل کر دیئے تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات