Live Updates

وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹیلیفونک رابطہ ،عید کی مبارکباد دی

ہفتہ 7 جون 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں اور ایرانی عوام کو عید کی مبارکباد دی ہے۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے عید کی خوشی کے اس موقع پر ایرانی صدر کے ساتھ ساتھ ایران کے برادر عوام کو بھی عید کی مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے اپنے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ تہران کے اپنے حالیہ دورہ کا ذکر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس میں حالیہ پاک بھارت بحران کے ساتھ ساتھ غزہ کی تشویشناک صورتحال بھی شامل ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر پیزشکیان کو پاکستان کے سرکاری دورہ کی دعوت دی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات