Live Updates

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ ،جوانوں کے ساتھ عید منائی

پیر 9 جون 2025 11:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پراگلے مورچوں کا دورہ کیا اور فرنٹ لائن دستوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ ساتھ اگلے مورچوں کا دورہ کیا تاکہ فرنٹ لائن دستوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی جا سکے۔

دورے کا آغاز نماز عید سے ہوا جس کے دوران ملک کے پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ مادر وطن کے دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دینے والے شہدا کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔افسروں اور جوانوں کو عید کی پرتپاک مبارکباد پیش کرتے ہوئےفیلڈ مارشل نے ان کے غیر متزلزل عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل چیلنجوں کے مقابلے میں ثابت قدم خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہا کہ عید اپنے خاندانوں سے دور فرنٹ لائن پر منانا سال بھر ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع کے اعلیٰ قومی مقصد کو پورا کرتا ہے۔ آرمی چیف نے معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے دوران فارمیشن کی مثالی کارکردگی کو سراہا اور شہداء اور غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جن کی قربانیاں ملک کی سلامتی اور عزم کو مضبوط بنا رہی ہیں۔

سید عاصم منیر نے جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی جرأت مندانہ اور موثر جواب کے ذریعہ معصوم پاکستانی شہریوں بشمول بچوں، خواتین اور بزرگوں کی جانوں کے ضیاع کا مناسب بدلہ لیا ہے۔ انہوں نے ان کے بلند حوصلے، غیر معمولی آپریشنل تیاریوں اور بھارتی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا موثر جواب دینے کی پرعزم چوکسی کی تعریف کی۔ انہوں نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اعادہ کیا تاکہ کسی بھی جارحیت کو فیصلہ کن طور پر روکا جا سکے۔

فیلڈ مارشل نے پاکستان کے اصولی موقف کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارتی قبضہ کے خلاف کشمیری عوام کی منصفانہ اور دلیرانہ جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے تنازعہ کو اس کے عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ لائن آف کنٹرول آمد پر کمانڈر راولپنڈی کور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات