Live Updates

عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کیلئے زیرو ویسٹ آپریشن جاری

پیر 9 جون 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کیلئے کامیاب زیرو ویسٹ آپریشن جاری ہے ۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کئے گئے صفائی ستھرائی کے سی ڈی اے کےشاندار انتظامات پر شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کا شکریہ اداکیا۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق عید الاضحیٰ کے پہلے روز تلف کی گئی آلائشوں کا کل وزن تقریباً 1362.386 جبکہ دوسرے روز تلف کی گئی آلائشوں کا کل وزن تقریباً 502.106 ٹن تھا۔ عیدالاضحیٰ کے دو دنوں میں تلف کی گئی آلائشوں کا کل وزن تقریباً 1864.474 ٹن تھا، سی ڈی اے انتظامیہ نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے پہلے روز اسلام آباد شہر میں مجموعی طور پر 81 ہزار جبکہ دوسرے روز تقریباً 30 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے جانوروں کی قربانی کی گئی۔

(جاری ہے)

سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق عید الاضحیٰ کے پہلے روز تقریباً 47 ہزار چھوٹے جبکہ 33 ہزار سے زائد بڑے اور دوسرے روز 17 ہزار سے زائد چھوٹے اور 12 ہزار سے زائد بڑے جانور قربان کئے گئے۔ عیدالاضحیٰ کے دو دنوں میں اسلام آباد شہر میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے جانور قربان کئے گئے۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر عید الاضحیٰ کے تینوں دنوں میں اسلام آباد کے سیکٹوریل اور نان سیکٹوریل ایریاز سے موصول ہونے والی شکایات کے بروقت ازالے کو ممکن بنایا گیا۔

اسلام آباد سیف سٹی میں قائم مرکزی کنٹرول سے سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی نگرانی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ اسلام آباد میں ڈرون کیمروں کے استعمال کے ساتھ عرق گلاب، فنائل اور چونے کا چھڑکائو کیا جا رہا ہے۔ 2500 سے زائد عملہ خاکروب، سپر وائزری سٹاف اور افسران نے ہنگامی بنیادوں پر اسلام آباد کے تمام سیکٹوریل اور نان سیکٹوریل ایریاز میں اپنے فرائض منصبی سر انجام دے رہے ہیں۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر 250 سے زائد گاڑیاں اور بھاری مشینری بھی اس خصوصی مہم کا حصہ ہیں۔ قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 55 مختلف مقامات پر 107 سے زائد گڑھے کھودے گئے تھے۔ تمام گڑھوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق آلائشوں کو بائیو ڈیگریڈ ایبل پلاسٹک بیگ میں رکھ کر تلف کیا جارہا ہے ۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں متعلقہ یونین کونسل کے ذریعے صفائی آپریشن بھی عید الاضحیٰ کے تیسرے دن جاری ہے۔

اس ضمن میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گیئں ہیں کہ وہ تمام پرائیویٹ و کوآپریٹیو ہائوسنگ سوسائیٹیوں کی مینجمنٹ کمیٹیوں سے رابطے میں رہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر شہریوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی طور پر ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کئے گئے ہیں، شہری صفائی کے حوالے سے یا اوجھڑیاں وغیرہ اٹھوانے کیلئے شہری سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر 1334 یا 9213908 اور ٹیلی فون 9203216، 9211555 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔شہری واٹس ایپ پیغام یا ایس ایم ایس(SMS) کے ذریعے نمبر 03355001213 پر اپنے پیغامات بھیج سکتے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت کے مطابق موصول ہونے والی شکایات کو بروقت اور ان کے فوری ازالے کو ممکن بنایا جارہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات