Live Updates

حکومت کا 125 ریلوے اسٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا اعلان

ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، عملے اور بوگیوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ریلوے بہتر انداز میں چل سکے؛ وفاقی وزیر حنیف عباسی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 جون 2025 13:01

حکومت کا 125 ریلوے اسٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون 2025ء ) حکومت نے ملک بھر میں 125 ریلوے اسٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ 125 ریلوے اسٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں بچت ممکن ہو اور ماحولیاتی بہتری لائی جا سکے، ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، مال بردار گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ بھی آئندہ اہداف میں شامل ہے، عملے اور بوگیوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ریلوے کا نظام بہتر انداز میں چل سکے۔

ان کا کہنا ہے کہ بولان ایکسپریس جو پہلے ہفتے میں صرف دو دن چلتی تھی اب روزانہ چلا رہے ہیں، جب تک ریلوے کو اپ گریڈ نہیں کیا جائے گا، اس وقت تک تھر کول اور ریکوڈک منصوبے بھی ترقی نہیں کر سکیں گے، ریلوے کی بہتری کے بغیر ہم سنٹرل ایشیا، یورپ اور ماسکو تک ریلوے روابط کا خواب پورا نہیں کر سکتے، ملک میں ریلوے کے مختلف ہسپتالوں کو بھی آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے، پاکستان کو معاشی محاذ پر بھی مضبوط کیا جا رہا ہے اور موجودہ حکومت معاشی استحکام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

حنیف عباسی نے کہا کہ جنگ کے دوران پوری قوم متحد نظر آئی، افواجِ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جرات مندی سے مقابلہ کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا، پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کے 26ایئر بیس تباہ کیے، 22چوکیاں فتح کیں اور دشمن کے 6 جنگی طیارے جن میں رافیل طیارے بھی شامل تھے وہ مار گرائے، پاک فضائیہ نے دنیا کی سب سے بڑی فضائی جنگ میں فتح حاصل کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات