بھارت ، عیدالاضحٰی کے موقع پر نام نہاد گائوکھشکوں کی دہشتگردی عروج پر ، مسلمان ہوناجرم بن گیا

منگل 10 جون 2025 15:57

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) بھارت میں عید الاضحٰی کے موقع پر نام نہاد گائوکھشکوں(گائے کے محافظوں) کی دہشت گردی عروج پر رہی اور شہریوں کے لئے مسلمان ہونا ہی ایک جرم بن گیا ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نریندر مودی کے دور حکومت میں بھارت میں ہندوتوا نظریے کی بنیاد پر بنی پالیسیاں بھارتی مسلمانوں کی بقا کے لئے خطرہ ہیں جن کے باعث وہاں مذہبی آزادی شدید دبا ئومیں ہے۔

عیدالاضحٰی کے موقع پر مودی کی سرپرستی میں ہندوتوا غنڈوں کا راج دیکھا گیاجنہوں نے مسلمانوں کا جینا حرام کیے رکھا۔ بھارت میں عید کے موقع پر بھی مسلمانوں کو سکون نہیں ملا اور ہندوتوا غنڈے مسلمانوں پر گائوکھشکا کے نام پر حملہ آور ہوئے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق حیدرآباد کے علاقے جلب پلی میں بقر عید کے اگلے دن گائو کھشکوں نے جانوروں کی باقیات لے جانے والی گاڑی کو نذرآتش کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہندوانہ مذہبی نعرے لگا کر ڈرائیور پر حملہ کیا اور موبائل و رقم لوٹنے کے بعد پولیس پر بھی پتھرائو کیا۔ادھر ریاست کرناٹک کے شہر کمل نگر میں ہندوانتہا پسندوں نے گائے ذبح کرنے کے الزام پر احتجاج کر کے دکانیں بند کرائیں جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دی انڈین ایکسپریس کے مطابق مدھیہ پردیش میں بقر عید پر گائے کے بچھڑے کو ذبح کرنے کے الزام میں 7 مسلمانوں کو گرفتار کیاگیا۔

دکن ہیرالڈ کے مطابق ریاست کرناٹک کے علاقے بیدر میں گائے ذبح کے الزام پر 4مسلمان گرفتار کرلیے گئے اور ہندو انتہاپسندوں کے دبائو پر قربانی پر بھی پابندی لگا دی گئی۔ علاوہ ازیں متھرا میں عید گاہ کے قریب گوشت کے ٹکڑے ملنے پر ہنگامہ کھڑا کردیا گیا اور ہندو تنظیموں نے گائے ذبح کرنے کا محض شبہ ظاہر کرکے ایف آئی آردرج کرانے کا مطالبہ کیا۔

دی ہندوستان ٹائمز کے مطابق عید الاضحیٰ پر آسام کے 5اضلاع میں مویشی ذبح کرنے کے الزام میں 16سے زائد مسلمان گرفتار کرلیے گئے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق اڑیسہ کے علاقے ترٹول میں جگن ناتھ مندر کے قریب گائے ذبح کرنے کے الزام میں 3مسلمان نوجوان گرفتار کرلیے گئے، یہ کارروائی پولیس نے ہندوتوا غنڈوں کے دبا ئو پر کی۔ اڑیسہ ہی میں عبرسنگھ گائوں میں 3مسلمانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

عید کے موقع پر قربانی کے حق میں بولنے والے کانگریس لیڈر شاہجہان میاں کے گھر پر حملہ بھی کیا گیا ۔دی وائر کے مطابق گائے کے تحفظ کے نام پر نفرت انگیز جرائم عروج پر ہیں اور اس سلسلے میں مودی کی حکومت میں 97فیصد حملے ہوئے ۔ مودی کے زیرِ سرپرستی پولیس کی ریاستی دہشتگردی اور ہندوتوا انتہا پسندوں کی غنڈہ گردی میں بتدریج اضافہ ہوا ۔عیدالاضحیٰ پربھارت بھر میں نام نہاد گائوکھشکوں کی دہشتگردی معمول ہے جبکہ مودی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔