Live Updates

بھار ت نے مقبوضہ کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر دیاہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

منگل 10 جون 2025 19:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کی بڑے پیمانے پر تعیناتی پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے اور علاقے کو ایک بڑی کھلی جیل میں تبدیل کردیاگیا ہے جہاں بھارتی فوجیوں کی موجودگی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر 27اکتوبر 1947کو بھارت کے غیر قانونی حملے کے بعد سے فوجی محاصرے میں ہے۔

انہوں نے کہ بھاری تعداد میں فوج کی موجودگی سے علاقے میں ایک سنگین اورطویل ترین انسانی بحران پیدا ہوا ہے۔انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر فوجیوں کی تعیناتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا ہر گلی اور ہرمحلہ فوجی محاصرے میں ہے،بھارتی فوجی علاقے کے طول وعرض میں گشت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حد سے زیادہ فوجیوں کی موجودگی کا مقصد علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرکے کشمیری عوام کی جائز سیاسی امنگوں کو دبانا ہے۔

ایڈوکیٹ منہاس نے کہا کہ تقریبا 10 لاکھ بھارتی فوجی علاقے میں تعینات ہیں اور ہر سات شہریوں پر ایک مسلح فوجی پہرہ دے رہاہے جس کی مثال دنیا میں کہیں بھی نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ بھاری تعداد میں فوجیوں کی موجودگی کے باعث ہراساں کیے جانے، بلاجواز گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت بھاری تعداد میں فوجیوں کی موجودگی سے کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کرمتنازعہ علاقے میں منظم انداز میں فو جی مظالم اورآبادی کے تناسب میں تبدیلی پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے۔ ایڈوکیٹ منہاس نے کہاکہ کشمیر ی عوام خیرات نہیں مانگ رہے بلکہ وہ اپنے حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ فوجی طاقت سے کبھی کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے عالمی ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ فوجی استثنی کی آڑ میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کریں۔ ترجمان نے خبردارکیاکہ عالمی برادری کی خاموشی سے بھارت کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے کہ وہ اپنے مظالم کو بلا روک ٹوک جاری رکھے۔حریت ترجمان نے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل پر زوردیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات