Live Updates

بہارکالونی کے مکین عید کے تینوںروز بھی پانی سے محروم

شہری ایک فلٹر اور منرل واٹر پلان سے دوسرے کی طرف دھکے کھاتے رہے ،مساجدگھروں میں کھارے پانی کااستعمال ،جانوروں کو بھی پانی خریدکرپلایاگیا

منگل 10 جون 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) یونین کونسل بہار کالونی کے مکینوں کی عید پانی بھرتے گزری، علاقے میں پانی کے بدترین بحران سے لوگ عام استعمال کے علاوہ پینے کے میٹھے پانی کو بھی ترس گئے ، مکین عید کے تینوں روز بھی پانی کے حصول کے لیے پانی کی بوتلیں بھروانے کے لیے خوار ہوتے رہے ،ایک فلٹر اور منرل واٹر پلان سے دوسرے کی طرف دھکے کھاتے رہے ، مساجد گھروں میں کھارے پانی کا استعمال کیا گیا، زیادہ تر لوگوں کے گھروں میں عیدقربان کے لیے خریدے گئے جانوروںکے لیے پانی دستیاب نہ تھالوگوں نے جانوروں کو بھی پانی خرید کر پلایا ، بہا کالونی یونین کونسل 8نمبر لیاری کی ٹائون میں شامل ہے، پورا علاقہ انتہائی گنجان ہے، پلاٹ کمرشل ہو یا ریذیڈیشل ہو ،بلڈنگ بنانے کے لیے جگہ ملنی چاہے ،مافیا کی وجہ سے پورے علاقے کی ایک گلی بھی ایسی نہیں جہاں پوری گلی میں بلڈنگیں کھڑی نہ ہو، بجلی بحران ہو ، گیس کا بحران ہے یا پانی کا بحران ہو گنجان آبادی کی یہ یونین کونسل ہمیشہ سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہے ،ایسا محسوس ہوتا ہے سیاسی لڑائی اسی یونین کونسل میں ہو رہی ہے، سیاسی طور پر دیکھا جائے تو اس یونین کونسل میں پہلے نمبر پرپاکستان پیپلز پارٹی ، دوسری پارٹی جماعت اسلامی ، تیسرے پر تحریک انصاف سمیت سیاسی پارٹیاں موجود ہیں ، پاکستان پیپلز پارٹی کئی سالوں کی جدوجہد کے بعد پہلے باربہار کالونی سے کامیاب ہوئی ہے، اس کے چیئرمین عبدالقادر لوہار واڈھا ہیں جبکہ اس سے قبل جماعت اسلامی گزشتہ کئی سالوں سے بہار کالونی سے کامیاب ہوتی رہی ، گزشتہ عید قربان کے ایک ماہ قبل پورے علاقے کو میٹھے پانی کی فراہمی اچانک بند ہوگئی، علاقہ مکینوں کی جانب سے چیئرمین کو بار بار شکایت کے باوجود پانی کی فراہمی بحال نہیں ہوسکی ہے، جب مکینوں نے پمپ اسٹیشن پر پہنچ کر معلومات لی تو ایک شخص نے بتایاکہ بہار کالونی کا پانی مویشی منڈی کو پیسوں کے عوض فروخت کیاگیا ہے ،آپ کو پانی عید سے پہلے نہیںمل سکتا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین پمپ سے واپس لوٹ آئے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے لیاری کی اس یونین کونسل سے پیپلز پارٹی پہلی بار منتخب ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کو اس وقت اپنے آپ کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے نہ کہ ایسی صورتحال پیدا کردی جائے جو بہار کالونی کے لوگ پیپلز پارٹی سے بدظن ہوجائیں ، علاقہ مکین اس وقت پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں ،ایک ماہ سے زائد وقت ہوچکا ہے مساجد تک میں وضو کے لیے میٹھا پانی دستیاب نہیںجبکہ کھارا پانی قابل استعمال نہیں ہے، علاقہ مکینوں کا اس ضلعی انتظامیہ ، واٹر بورڈ کے افسران اور میئر کراچی سے مطالبہ ہے کہ پانی کے اس مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پرحل کیا جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات