Live Updates

وفاقی بجٹ،آئی سی سی آئی کا ملا جلا ردعمل ، تعمیراتی مراعات کی تعریف

طویل مدتی اقتصادی منصوبہ بندی کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار ، اقتصادی استحکام کو یقینی بنانے والی پالیسیوں کی ضرورت پر زور

منگل 10 جون 2025 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے وفاقی بجٹ 2025-26 کو کافی حد تک متاثر کن قرار دیا ہے، خاص طور پر تعمیراتی شعبے کے لیے کئی مثبت اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے، جو تقریباً 50 منسلک صنعتوں کو چلاتا ہے اور روزگار پیدا کرنے اور ٹیکس ریونیو میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

منگل کے روز چیمبر ہاؤس میں ایک بھر پور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کے لیے حکومت کی جانب سے فنڈز مختص کرنے اور اسٹامپ ڈیوٹی میں 4 فیصد سے 1 فیصد تک نمایاں کمی کو سراہتے ہوئے ان اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا۔تاہم انہوں نے طویل المدتی اقتصادی منصوبہ بندی کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا اور اقتصادی استحکام کو یقینی بنانے والی پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بنیادی طور پر ٹیکس کلکشن کا تعاقب کرنے کے بجائے پائیدار صنعتی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تاجر برادری ٹیکس لگانے کی حمایت کرتی ہے، لیکن اسے عقلی، حقیقت پسندانہ اور زبردستی سے پاک ہونا چاہیے،سولر پینلز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس اور ہائبرڈ گاڑیوں پر 12 فیصد کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے صدر قریشی نے اسے گرین انرجی کے فروغ کے خلاف رجعت پسند اقدام قرار دیا۔

انہوں نے شرح سود کو سنگل ہندسوں تک کم کرنے کا بھی مطالبہ کیا جس سے اقتصادی توسیع میں مدد ملے گی۔مزید برآں آئی سی سی آئی کے صدر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (IPPs) کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کرے تاکہ توانائی کی لاگت کو کم کیا جا سکے اور صارفین اور کاروباری اداروں پر پیک آورز کے چارجز کے بوجھ کو ختم کیا جا سکے۔

صدر قریشی نے حالیہ پاک-بھارت جنگ میں قومی وقار کو بڑھانے میں پاک فوج کے کردار اور خاص طور پر پاک فضائیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جس کے نتیجے میں پاکستان JF-17 تھنڈر جیٹ طیاروں کے برآمدی آرڈرز حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ جس سے ملک کے دفاعی پیداوار کے شعبے کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔پریس کانفرنس میں چیئرمین فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق، سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، سابق صدور میاں اکرم فرید، ظفر بختاوری، خالد جاوید، باصر داؤد، میاں شوکت مسعود، زاہد مقبول، ایگزیکٹو ممبر سردار طاہر محمود، عمران منہاس، ذوالقرنین عباسی، روحیل انور بٹ، عرفان چوہدری، وسیم چوہدری، اسحاق سیال، عمیر عزیز ملک، میاں ثناء اللہ، آفتاب گجر، محترمہ فاطمہ عظیم، محترمہ شمائلہ صدیقی اور تاجر و صنعت کاروں کے علاوہ مارکیٹس ایسوسی ایشنز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات